تبدیلی اور انقلاب کا نعرہ لگانے والے شمالی وزیرستان کے متاثرین پر توجہ دیں،عابدشیرعلی،عمران کو تبدیلی کا جو نعرہ لگا رہے ہیں ،پہلے خیبر پختونخواہ میں تبدیلی لائیں،میڈیا گفتگو

پیر 30 جون 2014 07:53

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جون۔2014ء)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ تبدیلی اور انقلاب کا نعرہ لگانے والے شمالی وزیرستان کے متاثرین پر توجہ دیں۔ اتوار کے روز یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں نقل مکانی کرنے والوں کو اس وقت امداد کی سخت ضرورت ہے اور وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ متاثرین کی امداد میں حصہ لیں لیکن عمران خان تو متاثرین کی مدد کرنے کی بجائے جلسے کررہے ہیں ۔

عابد شیر علی خان نے کہا کہ عمران خان سے ہار برداشت نہیں ہو رہی حالانکہ عمران خان کو چاہیے تھا کہ وہ اپنی باری کا انتظار کرتے اور خیبر پختونخواہ میں صحت اور تعلیم پر توجہ دیتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران کو چاہیے کہ وہ تبدیلی کا جو نعرہ لگا رہے ہیں ،پہلے خیبر پختونخواہ میں تو تبدیلی لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ن) کے ووٹوں میں زمین اور آسمان کا فرق ہے اور اس کے باوجود بھی لانگ مارچ کی کال دی گئی۔

مسلم لیگ(ن) نے بھی لانگ مارچ کیا تھا لیکن وہ اقتدار کے لئے نہیں بلکہ عدلیہ کی بحالی کے لئے تھا ۔ملک میں انقلاب آناچاہیے لیکن روشنیوں اور زرعی اصلاحات سمیت دیگر شعبوں میں، جن کی ملک کو ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان لندن میں بسوں پر سفر کرکے فخر محسوس کرتے ہیں لیکن یہاں پر میٹروبس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں حالانکہ عوام سے پوچھا جائے تو عمران خان کو میٹروبس منصوبے کا عوام کے رد عمل کا پتہ چل جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :