رواں برس رمضان المبارک میں کہیں 22 گھنٹے کا روزہ ہوگا تو کہیں ساڑھے 9 گھنٹے کا،نیوزی لینڈ میں ساڑھے 11 گھنٹے، جنوبی افریقا میں ساڑھے 10 جبکہ ارجنٹائن اور چلی میں صرف ساڑھے 9 گھنٹے کا روزہ ہوگا

اتوار 29 جون 2014 08:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء )رواں برس ماہ صیام جون اور جولائی میں آیا ہے اور وطن عزیز میں عوام تپتی گرمی میں اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور دعاگو ہیں کہ اپنی رحمت سے اس ماہ مقدس کے دوران گرمی کی شدت کم کردے لیکن دنیا میں کئی ایسے بھی علاقے میں جہاں روزے کا دورانیہ 22 گھنٹے سے بھی زیادہ ہوگا یعنی ابھی افطار ہضم ہوا نہیں کہ سحری کا وقت بھی ختم ہوگیا۔

ضرب المثل ہے کہ کبھی کے دن بڑے اور کبھی کی راتیں، اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی اس زمین کے جغرافیائی حالات پر نظر دوڑائی جائے تو اس محاورے کو ہوں کہاجانا چاہیئے کہ کہیں کے دن بڑے اور کہیں کی راتیں۔ کیونکہ جب کرہ ارض کسے کسی حصے میں دن ہوتا ہوتا ہے تواسی وقت دوسرے حصے نے اندھیرے کی چادر اوڑھ رکھی ہوتی ہے اور اگر کہیں سورج سوا نیزے پر پوتا ہے تو کہیں خون جمانے والی سردی ہوتی ہے،

رواں برس رمضان المبارک جون اور جولائی میں آیا ہے جو ہمارے ہاں لمبے ترین دنوں میں شمار ہوتے ہیں لیکن کچھ علاقے ایسے بھی ہیں جہاں سورج ان دنوں غروب ہی نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور مشرق وسطیٰ میں اس مرتبہ روزے کا دورانیہ ساڑھے 15 گھٹنے سے 16 گھٹنوں پر محیط ہوگا لیکن جوں جوں ہم شمال کی جانب بڑھیں تو روزے کے دورانئے میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا۔رواں برس رمضان المبارک کے دوران کئی علاقے ایسے ہوں گے جہاں 22 جولائی تک سورج غروب ہی نہیں ہوگا یعنی مسلسل روزہ، تو جناب فقہائے دین نے قطبین کے قریب رہائش اختیار کرنے والے مسلمانوں کی سہولت کے لئے راہ نکالی ہے کہ اگر وہ چاہیں تو قریب ترین کسی شہر کے مطابق صوم و صلوا ت کے اوقات متعین کریں یا پھر مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ کے وقت کے مطابق نماز کی ادائیگی اور روزے کے اوقات کار طے کرلیں۔

علمائے دین کے فتاویٰ کے تحت ناروے کے انتہائی شمالی شہر ترومسو کے مسلمان ابتدائی 28 روزے تو مکہ المکرمہ کے اوقات کے مطابق رکھیں گے لیکن ان کا 29 روزہ ساڑھے 23 گھنٹے اور 30واں روزہ 23 گھنٹے کا ہوگا۔ روس کے شمالی علاقوں میں رہنے والے مسلمان 22 گھنٹے طویل روزہ رکھیں گے، ڈنمارک میں 21 گھنٹے کا روزہ ہوگا، آئس لینڈکے مسلمان ساڑھے 20 گھنٹے طویل روزہ رکھیں گے،

اسکاٹ لینڈ میں 19،برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں ساڑھے 18 گھنٹے جبکہ امریکا اور کینیڈا کے مسلمان 18 گھنٹے روزے کی حالت میں رہیں گے۔

وطن عزیز سمیت مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی ممالک میں روزے کا دورانیہ ساڑھے 15 سے 17 گھنٹے تک ہوگا۔ایک جانب مسلمان 15 سے 22 گھنٹے روزے کی حالت میں رہ کر اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی سعی کریں گے تو دوسری جانب ایسے بھی ممالک ہیں جہاں رہائش پزیر مسلمانوں کے لئے روزے کا دورانیہ کم ہوگا جیسے یونان میں ساڑھے 14گھنٹے، چین میں 14 گھنٹے، میکسیکو ساڑھے 13، برازیل، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ساڑھے 11 گھنٹے، جنوبی افریقا میں ساڑھے 10 جبکہ ارجنٹائن اور چلی میں صرف ساڑھے 9 گھنٹے کا روزہ ہوگا

متعلقہ عنوان :