مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے تشدد سے پاک ماحول ناگزیر ہے،بھارتی وزیردفاع،وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان سے ٹکراؤ کے حق میں نہیں بلکہ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں،ارون جیٹلی کا بیان

اتوار 29 جون 2014 08:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء)بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے لائن آف کنٹرول پر تازہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے تشدد سے پاک ماحول ناگزیر ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کے ساتھ ٹکراؤ کے حق میں نہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پر امن طور پر حل کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں اور در پردہ طور پر بھی پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت پاک ٹو ڈپلومیس کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ دوستی کا ارادہ پہلے روز سے ہی ظاہر کر دیا ہے اور اس سلسلے میں سارک ممالک کے سربراہ ن کی حلف برداری میں شمولیت کرانے کا فیصلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب پر واضح کر دیا تھا کہ بھارت کی خواہش کا احترام ہوتا کہ دونوں ممالک مفاہمت کے راستے پر گامزن ہوں ٹکراؤ پر نہیں ۔

لائن آف کنٹرول پر بار بار کشیدگی پر رد عمل ظاہر کرتے مرکزی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ہم بھی صورت حال کو دیکھ رہے ہیں اور فوج کو بھی اس سلسلے میں جو ہدایت دی گئی ہے اس میں انہیں کہاگیا ہے کہ وہ جارحیت کا بھر پور جواب دیں اور اس سلسلے میں فوج بھی یہی کام کررہی ہے ۔مرکزی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پہلے بھی حکومت نے پاکستان کے ساتھ تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی بات کی ہے اور اب ایک مرتبہ پھر حکومت پاکستان کے ساتھ تشدد سے پاک ماحول میں کام کرنا چاہتی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا دروازہ بھی بند نہیں ہوا ہے بلکہ مذاکرات کی بحالی کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان بھی مذاکرات ہوں گے تاہم ابھی تک وقت اور تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔