ریاستی دہشت گردوں نے قتل عام کر کے مجھے واپس وطن آنے سے ڈرایا،ڈاکٹر طاہر القادری، سانحہ ماڈل ٹاؤن نے سیاست اور حکومت میں چھپے ہوئے درندوں کو بے نقاب کر دیا،غلام قطب الدین فریدی، موجودہ حکمرانوں کو عوام نے قتل عام کا مینڈیٹ نہیں دیا ،سید اظہر الحسن گیلانی

اتوار 29 جون 2014 08:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء)سانحہ ماڈل ٹاؤن پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے جس نے سیاست اور حکومت میں چھپے ہوئے درندوں کو بے نقاب کر دیا ہے ۔قوم نے حکمرانوں کو قتل عام کا مینڈیٹ نہیں دیا۔شہداء کے خون سے آنے والے انقلاب کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔عوامی تحریک کے پرامن نہتے کارکنوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں،ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ پر گذشتہ روز صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان خواجہ غلام قطب الدین فریدی کی سربراہی میں سید اظہر الحسن گیلانی،سید عبد اللہ شاہ،صاحبزادہ سعید احمد صابری،صاحبزادہ میاں اعجاز احمد،مفتی محمد صدیق،میاں جلیل احمد شرقپوری،قاری محمد جعفر شمسی قصوری،صاحبزادہ پیر عبد المصطفیٰ حقانی،علامہ طاہر شریف،مولانا محمد اشرف اور علامہ امداد اللہ نے ملاقات کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ان خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے حکمرانوں نے پاکستان کی کروڑوں عوام کے بنیادی حقوق کو غضب کر رکھا ہے ۔

پاکستان عوامی تحریک نے موجودہ حکمرانوں کی لوٹ مار ،نا انصافی اور ظلم و بربریت کے خلاف ایک پر امن آئینی جدوجہد شروع کر رکھی ہے جس کی منزل جمہوری انقلاب ہے ۔جعلی مینڈیٹ والے ہماری تحریک سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں جنہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے عوامی تحریک کے پر عزم کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی ۔

ریاستی دہشت گردوں نے قتل عام کر کے مجھے واپس وطن آنے سے ڈرایا۔خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے کہا کہ عوامی تحریک کے پر امن اور نہتے کارکنوں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے جس طرح قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب ریاستی دہشت گردوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کی ہے تو دوسری جانب عوامی تحریک کے جوانمرد نہتے اور پر امن کارکنوں نے پروانہ وار اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر انقلاب کی شمع کو روشن کیا ہے ۔

سید اظہر الحسن گیلانی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو عوام نے قتل عام کا مینڈیٹ نہیں دیا ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن نے 20کروڑ عوام کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ موجودہ حکمران ریاست پاکستان اور عوام کے محافظ نہیں بلکہ کسی اور کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

متعلقہ عنوان :