چین نے کاشغر سے گوادر تک ریلوے لائن بچھانے کے بارے میں ابتدائی تحقیقی جائزہ شروع کردیا ، اٹھارہ سو کلو میٹر چین پاکستان ریلوے لائن چینی شہر کاشغر سے شروع ہوکر آزاد جموں وکشمیر ، اسلام آباد اور کراچی سے ہوتی ہوئی گوادر تک بچھائی جائے گی ، زانگ چن نن

اتوار 29 جون 2014 08:48

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء) چین نے کاشغر سے گوادر تک ریلوے لائن بچھانے کے بارے میں ابتدائی تحقیقی جائزہ شروع کردیا ہے ، اٹھارہ سو کلو میٹر چین پاکستان ریلوے لائن چینی شہر کاشغر سے شروع ہوکر آزاد جموں وکشمیر ، اسلام آباد اور کراچی سے ہوتی ہوئی گوادر تک بچھائی جائے گی ۔ یہ بات چینی صوبہ سنکیانگ کے علاقائی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے ڈائریکٹر زانگ چن نن نے دارالحکومت ارومچی میں شاہراہ ریشم اقتصادی پٹی کے عنوان سے بین الاقوامی سیمینار سے خطاب میں بتائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین نے اس مقصد کیلئے فنڈز مختص کردیئے ہیں اگر چہ یہ ریلوے لائن بچھانے پر اخراجات بہت زیادہ ہونگے کیونکہ علاقائی حالات اور جغرافیائی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی استحکام آنے پر ہم افغانستان اور بھارت سے بھی زمینی رابطے قائم کرنے پر غور کرینگے اور ہمارا یہ منصوبہ یقیناً تجارت کے فروغ کی بنیاد بنے گا۔ چینی ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ قراقرم کی پہاڑیوں میں بچھانا جانا ہے جو انتہائی سخت ہیں پاکستان پہلے ہی گوادر کی بندرگاہ کا کنٹرول ایک چینی کمپنی کو دے چکا ہے ۔