عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس آج لاہور میں ہو گی،جماعت اسلامی،ق لیگ،شیخ رشید،ایم کیو ایم کا وفد شرکت کرے گا،پیپلزپارٹی،علامہ طاہر اشرفی،عمران خان ، مولانا سمیع الحق شریک نہیں ہوں گے

اتوار 29 جون 2014 08:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس آج اتوار کو لاہور میں ہو گی،جماعت اسلامی،مسلم لیگ(ق)،شیخ رشید،ایم کیو ایم کا وفد شرکت کرے گا،پیپلزپارٹی،علامہ طاہر اشرفی،عمران خان شریک نہیں ہوں گے،فضل الرحمن اور سمیع الحق کے شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سامنے نہیں آیا،علامہ طاہرالقادری کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بلائی گئی اے پی سی آج لاہور میں ہوگی،اس کانفرنس میں عوامی تحریک کے ساتھ مسلم لیگ(ق) کے چوہدری شجاعت حسین،پرویز الٰہی،مشاہد حسین سید،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن،ایم کیو ایم کا5رکنی وفد شریک ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو طاہرالقادری کے ایجنڈے سے اتفاق نہیں ہے،اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے،علامہ طاہرمحمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام بڑی مقتدر سیاسی قوتیں طاہر القادری کی اے پی سی کو مسترد کرچکی ہیں تاہم مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھرمولانا سمیع الحق نے کہا کہ طاہر القادری کی اے پی سی کا ایجنڈا واضح نہیں ہے اس لئے پارٹی نے مشاورت کے بعد طاہر القادری کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی جانب سے طاہر القادری کی اے پی سی میں شرکت کے فیصلہ مشاورت کی گئی ۔پارٹی مشاورت کے بعد ترجمان جے یو آئی (س) مولانا عاصم مخدوم نے بتایا کہ مولانا سمیع الحق نے مشاورت کے بعد شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور عوامی تحریک کو چاہیے کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو وہ عدالت سے رجوع کریں نہ کہ اے پی سی بلائی جائیں ۔