ملک میں کہیں چاندنظر نہیں آیا،یکم رمضان المبارک 1435ہجری پیر تیس جون کو ہوگی، ملک بھر کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی ٹھوس شہادت نہیں ملی،مفتی منیب الرحمان،بنگلہ دیش اور بھارت میں بھی پہلا روزہ پیر کو ہوگا،پشاور میں غیر روایتی کمیٹی کا آج پہلے روزے کا اعلان،شہادتیں موصول ہوئیں جنہیں علماء نے درست قرار دیا ،عوام آج روزہ رکھیں،مفتی پاپلزئی

اتوار 29 جون 2014 08:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جون۔2014ء) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاندنظر آنے کی ٹھوس شہادت نہیں ملی لہذا یکم رمضان المبارک 1435ہجری پیر تیس جون کو ہوگی ۔ بنگلہ دیش اور بھارت میں بھی پہلا روزہ پیر کو ہوگا ۔ ہفتہ کے روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں کراچی میں ہوا جس میں علماء کے علاوہ ماہر موسمیات توصیف عالم ، ڈی جی محکمہ موسمیات عارف محمود اور دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس مقامی دارالحکومتوں میں منعقد ہوئے اجلاس کے اختتام پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ ملک بھر کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی ٹھوس شہادت نہیں ملی لہذا یکم رمضان المبارک پیر تیس جون پیر کو ہوگا

ادھر پشاور کی جامع مسجد قاسم خان میں بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا اس اجلاس میں بھی علماء نے اعلان کیا کہ چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم بنوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کا آج اتوار کو پہلا روزہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

بھارت میں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہدت نہیں ملی اور پیر تیس جون کو پہلا روزہ ہوگا ۔ ادھر بنگلہ دیش حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی ٹھوس شہادت نہیں ملی لہذا پہلا روزہ پیر تیس جون کو ہوگا جبکہ مصر ، کویت ، جاپان ، ملائیشیا ، انڈونیشیا ، آسٹریلیا اور اردن میں بھی آج اتوار کو پہلا روزہ ہوگا ۔ملک میں ایک بار پھر رمضان کے چاند پر2مؤقف سامنے آگئے،مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پاپلزئی نے آج روزے کا اعلان کردیا،پشاور میں آج روزہ ہوگا،مسجد قاسم خان کی غیر سرکاری رویت کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پاپلزئی نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ تنگی سے12،بنوں سے3،ہنگو سے16،شاہی بالا سے2اور پشاور کے نواحی علاقوں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں ملی ہیں ،پشاور اور گرد ونواح کے علاقوں میں اتوار29جون کو پہلا روزہ ہوگا،ادھر مالاکنڈ،درگئی اور دیگر علاقوں میں مقیم افغان مہاجرین نے بھی اتوار کو روزے کا اعلان کردیا ہے۔