سعودی عرب کا پاکستان میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے مزید 10 کروڑ سعودی ریال امداد کا اعلان،پاکستان میں مختلف منصوبوں پر سعودی عرب کا بے پناہ تعاون برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے،وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سعودی ہم منصب ابراہیم بن عبدالعزیزسے ملاقات،نیلم جہلم پن بجلی منصوبے سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال

ہفتہ 28 جون 2014 08:16

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جون۔2014ء)سعودی عرب پاکستان میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے پاکستان کومزید 10 کروڑ سعودی ریال دے گا،وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،پاکستان میں مختلف منصوبوں پر سعودی عرب کابے پناہ تعاون ان برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے ،جبکہ سعودی وزیر خزانہ ابراہیم بن عبدالعزیز نے پاکستان کے ساتھ مالی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہاربھی کیا ہے ۔

جمعہ کو جدہ میں سعودی وزیر خزانہ ابراہیم بن عبدالعزیزبن عبداللہ الآصف کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں یونیورسٹیوں کے قیام سمیت ہسپتالوں ،تعلیمی اداروں کی تعمیرِ نو اورزندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سعودی عرب کا کردارقابلِ ستائش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب کو بتایا کہ شمالی وزیر ستان میں جاری دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضربِ عضب کے باعث پانچ لاکھ کے قریب افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں جن کو تمام تر سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت کوششیں کر رہی ہے۔

دونوں وزراءِ خزانہ نے اس موقع پر نیلم جہلم پن بجلی منصوبے اور سعودی عرب کی کھادکی پاکستان کو برآمد کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر سعودی وزیر خزانہ نے پاکستان کے ساتھ مالی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں وہ اپنے برادر ملک کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔اس موقع پر دونوں وزراءِ خزانہ نے زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے جس کے تحت سعودی عرب پاکستان کو دس کروڑ سعودی ریال فراہم کرے گا۔اس رقم کے بعد پاکستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی مجموعی مالی امداد کا حجم 60کروڑ ریال تک پہنچ گیا ہے۔