سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا،سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں یکم رمضان المبارک کل ہوگا،متحدہ عرب امارات، ملائشیا، انڈونیشیا، سلطنت عمان، اردن، فلسطین، لبنان، یمن اور مصر میں بھی یکم رمضان المبارک 29 جون کو ہوگا،چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (آج) ہوگا

ہفتہ 28 جون 2014 08:14

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جون۔2014ء ) سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا ان ممالک میں یکم رمضان المبارک 29 جون بروز اتوار کو ہوگا۔رمضان المبارک 1435 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے سعودی عرب کی اعلیٰ عدالتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں کونسل ممبران نے شرکت کی، کونسل ممبران کے مطابق چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد کونسل ممبران نے اعلان کیا کہ یکم رمضان 29 جون بروز اتوار کو ہوگا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات، ملائشیا، انڈونیشا، سلطنت عمان، اردن، فلسطین، لبنان، یمن اور مصر میں بھی رمضان کا چاند دیکھنے کے لئے اجلاس ہوئے تاہم کسی بھی ملک میں چاند نظر نہیں آیا لہٰذا ان ممالک میں بھی پہلا روزہ 29 جون کو ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت تمام خلیجی ممالک میں یکم رمضان المبارک 29 جون کو ہونے کے اعلان کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاکستان میں یکم رمضان 30 جون بروز پیر کو ہوگا۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس (آج) ہفتہ کو کراچی میں ہوگا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب حسین کے مطابق اجلاس بعداز نماز عصر محکمہ موسمیات یونیورسٹی روڈ پر منعقد ہوگا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے اپنے اپنے متعلقہ ہیڈکوارٹرز پر ہوں گے۔ چاند کے بارے میں شہادت یا معلومات فراہم کرنے کیلئے ان نمبروں پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

0300-9285203‘ 0321-2880864‘ 0300-2425517‘ 021-99261434‘ دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات محمد ریاض نے کہا ہے کہ (آج) ہفتہ کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں۔ اس شام چاند کی عمر 30 گھنٹے 43 منٹ ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 27 جون کو رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہوگئی تھی لہٰذا (آج) ہفتہ کی شام تک چاند کی عمر 30 گھنٹے 43 منٹ ہوگی۔ لاہور میں چاند 15.54 ڈگری پر موجود ہوگا اور غروب آفتاب کے بعد 35 منٹ تک دیکھا جاسکے گا۔