مطالبات پورے نہ ہوئے تو 14اگست کو اسلام آباد میں لانگ مارچ ہوگا، عمران خان ، اب چار حلقے کھولنے کا وقت چلا گیا الیکشن ٹربیونل نے چار ماہ میں فیصلہ کرنا تھاچودہ ماہ گزر گئے، حکومت کے پاس ہمارے مطالبات پورے کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت ہے، چودہ اگست کو سونامی مارچ اسلام آباد میں ہوگا، دس لاکھ لوگ اکھٹے کریں، کسی پولیس والے نے تحریک انصاف کے کارکن پر ہاتھ اٹھایا تو میں خود اس کوپھانسی دوں گا، اس وقت میرا دل شمالی وزیرستان میں ہے، انسانیت کے ناطے ہم اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرینگے، چیئرمیں تحریک انصاف کا جلسے سے خطاب

ہفتہ 28 جون 2014 08:13

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جون۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے تیرہ ماہ بعد انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اب چار حلقے کھولنے کا وقت چلا گیا ، ایک ماہ میں مطالبات پورے نہ ہوئے تو چودہ اگست کو سونامی مارچ اسلام آباد جائے گا ، ہم روزے بہاولپور میں رکھیں گے ، افطاری اسلام آباد میں ہوگی ، پنجاب پولیس بتائے وہ شریف برادران کے نوکر ہیں یا پھر پاکستان کے ملازم ہیں جس پولیس والے نے گولی چلائی اسے اپنے ہاتھ سے پھانسی دوں گا ، عوام کے پیسوں سے اشتہارات اور تصویریں بنوانے کی بجائے متاثرین کو رقم دی جائے ، مشکل میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کی ہر طرح سے مدد کرینگے ۔

بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اکیس سال دھوپ میں کرکٹ کھیل کر اتنی گرمی نہیں لگی جتنی آج لگی ہے آج بارہ سال کی سیاست میں سب سے اہم اعلان کرنے لگا ہوں اور میں نوجوانوں کے جنون کو سلام کرتا ہوں اور مبارکباد دیتا ہوں کہ اتنی گرمی میں عوام کا اتنا بڑا سمندر نہیں نکل سکتا یہ جنون ہے جس سے نیا پاکستان نکلے گا ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ اس وقت میرا دل شمالی وزیرستان میں ہے ہم پاکستانیوں پر خدا نے ذمہ داری ڈالی ہے کہ ہم متاثرین کی ہر طرح کی مدد کریں اور انسانیت کے ناطے ہم اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرینگے جو اس وقت مشکل وقت سے گزررہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیرستان سے نکلنے والے 80فیصد لوگوں کے پاس ہماے علاوہ اور کچھ نہیں ہے ہم آخری دن تک ان کے ساتھ ہوں گے اور ہر طرح کی مدد کرینگے ان کی مدد پختونخواہ حکومت اور میری فاؤنڈیشن کرے گی ۔

انہوں نے سندھ ، پنجاب کی حکومتوں سے پوچھا کہ ان کے لیے دروازے کیوں بند کئے ہمارے نبی کریم کے لیے مدینہ کے لوگوں نے دروازے کھولے تھے پنجاب اور سندھ نے دروازے کیوں بند کئے ہیں عمران خان نے کہا کہ میاں نواز شریف نے آج بنوں آنے کی دعوت دی ان سے التجا ہے کہ متاثرین پر سیاست نہ کریں میرے ساتھ وہاں جا کر تصویریں بنوانے اور عوام کے پیسے سے اشتہارات دینے کا کوئی فائدہ نہیں مدد کرنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے چھ ارب روپے دیں موقع ملا تو تصویر بنوانے کے لیے بنوں کی دعوت خود دونگا انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو ان لوگوں کی فکر ہوتی تو آپریشن کی پہلے اطلاع دیتے ہمیں تو ٹی وی پر آپریشن کا پتہ چلا اس آپریشن کا سارا ملبہ پختونخواہ پر گرے گا اور الزام ہم پر آئے گا کہ حکومت ناکام ہوگئی انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ میں ملک میں ترقی چاہتا ہوں عمران خان نے جلسے شروع کردیئے تو وہ بتائیں مہنگائی بے روزگاری ، لوڈ شیڈنگ اور پولیس گردی میری اور میرے جلسوں کی وجہ سے ہے ہمارے جلسے آپ کو ترقی کرنے سے روک نہیں رہے ہم ابھی تک رکاوٹ نہیں بنے لیکن اب ذرا دھیان سے چلنا نواز شریف کی جماعت نے چھ دفعہ پنجاب اور تیسری بار وزارت عظمیٰ سنبھالی ابھی تک تو کچھ نہیں بدلا بلکہ آپ کے دور میں پولیس کے ہاتھو ں 83 لوگوں کو گولیاں لگیں جو کبھی آمریت کے دور میں بھی نہیں دیکھا عورتوں کو منہ پر گولیاں مارنے والو شرم کرو یہ پولیس عوام کی کیا حفاظت کرے گی اور اس پر کون اعتماد کرے گا بار بار پنجاب کے اقتدار میں آنے والوں نے کیا یہی پولیس پال رکھی ہے انہوں نے کہا کہ 1992ء میں سابق آئی جی عباس نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ میرٹ کے بغیر 85سے 1992ء تک پچیس ہزار لوگوں کو پیسے لے کر بھرتی کیا گیا اور سیاستدانوں کو کوٹہ دیا گیا اس کتاب میں لکھا ہے کہ ان میں کئی لوگ پنجاب کے بڑے مجرم تھے اگر ایسا ہے تو پولیس نے تباہ ہونا ہے آپ نے پولیس کی بجائے مسلم لیگ (ن) کی ڈنڈا بردار فورس بنائی ہے جب حکمران خود پولیس سے جرم کروائے گی تو ٹھیک کیسے ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ مقابلے میں پختونخواہ پولیس دیکھیں اور بتائیں کہ ایک آدمی بھی بھرتی کروایا یا کسی پر جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی ہو انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب اس پنجاب پولیس کو ٹھیک کرکے بتائیں گے ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ایک بھائی وزیراعظم دوسرا وزیراعلیٰ اور بھتیجا ڈپٹی منسٹر بیٹی اربوں کے منصوبوں کی چیئرپرسن اور بھانجا وزیر نہیں ہوتا اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ پاکستانیوں کے پاس دو سو ارب ڈالر پڑا ہے وہ پیسہ واپس کیوں نہیں لائے ۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام بہتر کرنے سے جمہوریت ڈی ریل نہیں بہتر ہوگی ہم کہتے ہیں کہ دھاندلی کرنے والوں کو پکڑیں اس سے مافیا ڈی ریل اور جمہوریت مضبوط ہوگی انتخابات میں جو دھاندلی ہوئی وہ ان سے چھپائی نہیں جاسکتی ۔ حامد خان کے حلقے میں ایک لاکھ ستر ہزار سے صرف پچیس ہزار درت اور باقی ساری جعلی نکلی میرے حلقے کے چھ پولنگ سٹیشن میں پانچ ہزار میں سے ساڑھے بارہ سو جعلی نکلیں اس طرح دوسرے حلقوں میں بھی جعلی ووٹ برآمد ہوئے ہم یہ انتخابات قبول نہیں کرتے ۔

عمران خان نے کہا کہ گیارہ مئی کو مسلم لیگ نواز تحریک انصاف کے سیلاب سے ڈر گئی تو انہوں نے لاہور میں ایک ریٹائرڈ جج کے الیکشن سیل میں وقت گیارہ بج کر بیس پر نواز شریف سے تقریر کروادی کہ وہ جیت گئے اور اس وقت صرف پندرہ حلقوں کے نتائج آئے تھے اس کے بعد اقوام م تحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے آپیرٹرز کا کام بند کردیا اور نتائج کو بدل ڈالا اور ایک پارٹی کو ایک کروڑ پنتالیس لاکھ ووٹ دلوادی انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے کیا نوجوانوں اور کسانوں کی مدد کی اور ایک ضلع میں میٹرو بس بنانے سے انہیں اتنا بڑا ووٹ ملا ہم چار حلقوں کی بات کررہے تھے لیکن اب وہ وقت چلا گیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایک ماہ کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں ہمارے مطالبات پورے ہونے چاہیے ان مطالبات میں کیا نواز شریف بتائیں کہ انتخابات کے روز جو تقریر کی اس میں کون شامل تھا دوسرا یہ کہ انتخابات میں افتخار چوہدری کا کیا کردار تھا جس کے لیے لوگوں نے جانیں قربان کیں اور جیل میں گئے ہمارا مقصد تھا عدلیہ آزاد ہوگی لیکن وہ اتنے سستے نکلے کہ ان کی قیمت اپنے بیٹے کو بلوچستان کے بورڈ کا چیئرمین بنا تھا انہیں کتنے پنکچر لگانے کا تحفہ دیا گیا تیسرا مطالبہ یہ کہ پنکچر لگانے والے کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگایا گیا نگران حکومت کا کردار کیا تھا فافن کی رپورٹ کے مطابق 90 حلقوں میں جب انتخابی فہرست شائع ہوگئی تھی تو کس کے آرڈر پر فہرستیں تبدیل کی گئیں وہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی تعداد میں ووٹ مسترد کرنے کا کس نے آرڈر دیا تھا ۔

میاں صاحب آپ یہ کام کریں گے یا نہیں انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر الیکشن ٹربیونل نے چار ماہ میں فیصلہ کرنا تھا لیکن چودہ ماہ میں بھی فیصلے نہ ہوئے اگر ایک ماہ میں ہمیں جواب نہ ملا تو چودہ اگست کو سونامی مارچ اسلام آباد میں جائے گا چودہ اگست کو پاکستان کی جمہوریت بچانے ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کرانے کے لیے نوجوان ، بزرگ بچے اور خواتین سمیت دس لاکھ لوگ اکھٹے کریں ہمارے روزے بہاولپور اور افطاری اسلام آباد میں ہوگی انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بھی فیصلہ کرے کہ وہ شریف خاندان کی نوکر ہے یا پاکستان کی پولیس ہے اگر کسی پولیس والے نے کسی پر ہاتھ اٹھایا یا گولی چلائی تو اسے اپنے ہاتھ سے پھانسی دونگا انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی ساری جماعتوں کو جو انتخابی نظام کو درست کرنا چاہتی ہیں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ بھی آئیں ہم سب کو دعوت دینگے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جمہوریت بھی نہیں الیکشن کمیشن مستعفی ہوگیا لیکن یہاں جمہوریت کے دعویداروں نے ابھی تک استعفے نہیں دیئے انہوں نے کہا کہ ہماری ڈیڈ لائن عہدے سے پہلے ختم ہوجائے گی اور ہم عید کے بعد اسلام آباد جائینگے ۔