پاکستان اپنی سرزمین بھارت کیخلاف استعمال نہ ہونے کی ضمانت دے‘ بھارت،گن گرج کے بیچ مذاکرات ممکن نہیں‘ نئی دہلی کو ان تمام ممالک کیساتھ احتیاط سے چلنا ہوگا جن کیساتھ ماضی میں تنازعات رہے ہیں،وزیر مملکت برائے دفاع

جمعہ 27 جون 2014 07:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء) بھارت نے کہا ہے کہ دوطرفہ معاملات کے حل کیلئے پاکستان کیساتھ بات چیت صرف اسی صورت میں آگے بڑھ سکتی ہے جب پاکستان اپنی سرزمین کے بھارت کیخلاف استعمال نہ ہونے کا وعدہ پورا کرے۔ نئی دہلی کو ان تمام ممالک کیساتھ احتیاط سے چلنا ہوگا جن کیساتھ ماضی میں تنازعات رہے ہیں،بھارتی میڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع راؤ اندرجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان کیساتھ بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنی سرزمین بھارت کیخلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے استعمال نہ ہونے دے اگر وہ ایسا یقینی بنائے گا تو بات چیت کیلئے ماحول سازگار بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بندوقوں کی گن گرج کے درمیان مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

ہم پر امید ہیں کہ پرامن ماحول جاری رہے گا اور معاملات حل کئے جائیں گے۔ کشمیر کی صورتحال بارے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال صرف قابو میں ہی نہیں بلکہ گذشتہ کئی برسوں کے دوران حالات میں بہتری بھی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ فوج کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے صورتحال کو قابو سے باہر نہیں جانے دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کو ان تمام ممالک کیساتھ احتیاط سے چلنا ہوگا جن کیساتھ ماضی میں تنازعات رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہمسائے چن نہیں سکتے اور جس سکیورٹی ماحول کی ہم خواہش کررہے ہیں وہ شاید موجو دنہیں ہے۔ جس ملک کیساتھ ماضی میں ہمارے معاملات رہے ہیں وہاں ہمیں احتیاط سے کام لینا ہوگا اور چین کے بارے میں بھی ہم محتاط ہیں۔