حکومت کو کسی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں ،ملک ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے ، اسحاق ڈار، اس وقت پاکستان حالت جنگ میں ہے،تماشہ کرنے والے لوگ سنجیدگی سے وطن عزیز کے متعلق سوچیں، چند لوگ ذاتی مفاد ات کی خاطر ملکی سلامتی و استحکام سے کھیل رہے ہیں، سعودی وزیر تجارت سے ملاقات کافی مفید رہی ۔ سعودی فنڈپاکستان کی ترقی کیلئے مزید فنڈ جاری کرے گا،وزیر خزانہ کا انٹرویو

جمعہ 27 جون 2014 07:49

جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جون۔2014ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کو کسی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں ۔ پاکستان کی معیشت دن بہ دن مستحکم ہو رہی ہے ۔ ۔ یہاں ایک انٹرویو میں ڈار نے مزید کہا کہ جو لوگ ہمارے ملک میں تماشہ کر رہے ہیں انہیں کہوں گا کہ اس وقت پاکستان حالت جنگ میں ہے انہیں چاہئے کہ وہ سنجیدگی سے وطن عزیز کے متعلق سوچیں ۔

کچھ افراد جو یہ پیشنگوئی کرتے تھے کہ ملکی معیشت جون 2014 تک تباہ ہو جائے گی ان کی باتیں ہوا ہو چکی ہیں ۔ پاکستان نواز شریف کی قیادت میں مثالی ترقی کر رہا ہے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ آئی ڈی بی کانفرنس میں آنے والے مسلم وزراء کا بھی یہی کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان نے ہر میدان میں مثالی ترقی کی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ جہاں تک ملکی استحکام کی بات ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ چند لوگ ذاتی مفاد ات کی خاطر ملکی سلامتی و استحکام سے کھیل رہے ہیں ۔

انہیں چاہئے کہ وہ اپنے فرسودہ خیالات و افکار عوام میں پھیلانے کے بجائے تعمیر سوچ اپنائیں اور ملک و قوم کے عظیم تر مفاد کو مقدم رکھیں ۔ حکومت بہتر طور پر کام کر رہی ہے اور اسے کام کرنے کا موقعہ دیں ۔ اس وقت ملک جن حالات سے گزر رہا ہے کوئی محب وطن پاکستانی تخریبی باتوں کو پسند نہیں کرے گا ۔ قومی ترقی کے حوالے سے سب کو سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا ۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے 40 سالہ جشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بینک کے رکن ممالک کے وزراء کا اجلاس کافی مفید رہا ۔ پاکستان سے متعدد معاہدوں پر دستحظ ہوئے ہیں جن میں توانائی اور دیگر تعمیراتی شعبوں کے لئے آئی ڈی بی نے فنڈ جاری کیا ہے جس سے ملک میں مزید ترقی ہو گی ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ سعودی وزیر تجارت سے ملاقات کافی مفید رہی ۔

متعدد امور پر اتفاق کیا گیا جن میں یہ بھی طے پایا کہ" سعودی فنڈ" پاکستان کی ترقی کیلئے مزید فنڈ جاری کرے گا ۔ آنے والے برسوں میں اسلامی ترقیاتی بینک مسلم امہ کیلئے بہترین کردار ادا کرے گا اور پاکستان بحیثت رکن کے بھرپور تعاون جاری رکھے گا جس سے حالات مزید بہتر ہو نگے ۔ ایک سوال پر انہو ں نے کہا کہ آئی ڈی بی کے پروگرام کے تحت اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں رکن ممالک کے مابین مشترکہ تجارت ، زراعت اور دیگر ترقیاتی وتعمیری کامو ں میں بھر پور تعاون کیا جائے گا ۔

آئی ڈی بی کے اجلاس میں افغان وزیر خزانہ سے ملاقات کے حوالے سے سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان وزیر خزانہ سے ملاقات کافی مفید رہی ۔ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے واضح طور پر پیغام دیا ہے کہ وہ خطے میں مستقل قیام امن کے لئے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔ پاکستان خطے میں مستقل و دیر پا قیام امن کا خواہاں ہے ۔انہو ں نے کہا کہ افغان وزیر مالیہ سے توانائی کے حوالے جاری پروگرام" کاز "1000 پر بھی بات چیت مفید رہی جس کے جلد مثبت اثرات سامنے آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :