ای او بی آئی کرپشن کیس‘ سپریم کورٹ نے نیب کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے 30 دن کی مہلت دے دی،تمام ملزموں کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت‘ سابق چیئرمین ظفر گوندل کو بھی وکیل مقرر کرنے کی اجازت مل گئی‘ سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

بدھ 25 جون 2014 07:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء) سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں نیب حکام کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ مبینہ طور پر ملزمان چاہے جو کوئی بھی ہوں ان کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے جبکہ سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل کو بھی وکیل مقرر کرنے کیلئے وقت دے دیا گیا ۔

جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل دو رکنی بنچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی۔ اس دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب پیش ہوئے تو عدالت نے ان سے پوچھا کہ نیب نے ملزموں کیخلاف اب تک کیا کارروائی کی اور تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں

جس پر انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں اور مختلف جگہوں پر ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

27 مئی 2014ء کو بھی ہم نے رپورٹ جمع کروائی تھی جس پر عدالت نے کہا کہ آپ مزید پیشرفت کی رپورٹ پیش کریں۔ بعدازاں عدالت نے نیب کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے 30 دن کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس کیس میں مبینہ طور پر ملوث تمام ملزموں کیخلاف کارروائی کریں چاہے جو کوئی بھی ہوں۔ دوران سماعت ای او بی آئی کے سابق چیئرمین ظفر گوندل بھی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے استدعاء کی کہ انہیں وکیل مقرر کرنے کیلئے وقت دیا جائے جس پر عدالت نے ان کی استدعاء منظور کرلی۔ بعدازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔