ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری رویوں پر چلتے ہیں، رانا مشہود احمد،سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جوائنٹ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو وہ فیصلہ کرے گی سب کو قابل قبول ہو گا۔ احتجاج کرنا سب کا حق ہے، مگر کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، ڈاکٹر طاہر القادری کو قانون اور آئین پر عمل کرنا ہو گا،صوبائی وزیر قانون وتعلیم کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 جون 2014 07:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء)صوبائی وزیر قانون وتعلیم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری رویوں پر چلتے ہیں، احتجاج کرنا سب کا حق ہے، مگر کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، ڈاکٹر طاہر القادری کو قانون اور آئین پر عمل کرنا ہو گا، کل ان کے پرامن لوگوں نے پولیس پر حملے کیے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جوائنٹ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں ملک کی تمام لا ء انفورسمنٹ ایجنسیاں بھی شامل ہیں وہ جو فیصلہ کریں گے سب کو قابل قبول ہو گا، وزیراعلیٰ اور وزیراعظم عدلیہ سمیت کسی کے فیصلے پر اثرانداز نہیں ہوں گے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اسمبلی کے اجلاس کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،

وزیرقانون نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے گورنر کی بات مات کر اچھا کیا اور ان کے تمام جائز مطالبات بھی مانے گئے مگر کل اسلام آباد اور پنڈی میں بہت توڑ پھوڑ کی گئی ڈاکٹر طاہر القادری کے لوگوں نے پرامن پولیس والوں پر بے شمار حملے کئے جس سے پولیس کے کئی اہلکار زخمی ہو گئے، وزیراعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں گرفتار لوگوں میں جو لوگ بے گناہ ہیں ان کو رہا کیا جائے گا اور اس میں ملوث لوگوں پر قانون کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے سوال پر بتایا کہ جوائنٹ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو اس کی انکوائری کررہی ہے جو وہ فیصلہ کرے گی سب کو قابل قبول ہو گا، وزیراعظم یا وزیراعلیٰ عدلیہ سمیت کسی کے فیصلے پر اثرانداز نہیں ہوں گے، سیاسی سرگرمیاں کرنا سب کا حق ہے، مگر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ ہو گی، ڈاکٹر طاہر القادری کو پاکستان کے قانون اور آئین پر عمل کرنا ہو گا ان کے پارلیمنٹ میں آنے سے کوئی بھی خوفزدہ نہیں بلکہ وہ خود گزشتہ الیکشن کو رکوانے کیلئے سپریم کورٹ گئے تھے۔