پاک فوج نے کنڑمیں کوئی کارروائی نہیں کی افغان حکام کے الزام بے بنیاد ہیں، پا کستا ن ، دہشت گرد افغان علاقوں سے پاکستان کی مسلح افواج پر حملے کررہے ہیں لیکن پاک فوج نے اپنے دفاع میں ہمیشہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،پا کستان افغان عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا حامی ہے ،ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 25 جون 2014 07:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء) پا کستا ن نے افغان حکومت کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکام کے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات سے دونوں ممالک کی امن کوششیں متاثر ہوں گی۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ دہشت گرد افغان علاقوں سے پاکستان کی مسلح افواج پر حملے کررہے ہیں لیکن پاک فوج نے اپنے دفاع میں ہمیشہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،

پاکستانی فوجیوں نے صوبہ کنڑ میں کسی قسم کی کارروائی نہیں کی اس سلسلے میں افغان حکومت کا الزام بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔

تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا حامی ہے، پاکستان کو امید ہے کہ افغان حکومت کسی ایسے اقدام سے گریز کرے گی جس سے سرحدوں پر امن اور استحکام کو نقصان ہو، پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بڑے پیمانے پر کارروائیوں میں مصروف ہے اور سمجھتا ہے کہ افغان حکام کے ایسے بے بنیاد الزامات سے نہ صرف ماحول بلکہ دونوں ممالک کی امن کوششیں بھی متاثر ہوں گی۔واضح رہے کہ افغان حکومت نے گزشتہ دنوں یہ الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان کے فوجی سادہ کپڑوں میں افغان صوبے کنڑ میں کارروائیاں کررہے ہیں۔