طاہر القادری سے ملاقات ، وزیراعظم نے گورنر پنجاب کو ٹاسک دے دیا

بدھ 25 جون 2014 07:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2014ء ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو یہ ٹاسک دیدیا ہے کہ وہ عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ان کی ملاقات کا وقت طے کریں اور اس ملاقات کے بارے میں ڈاکٹر طاہر القادری کو بتائیں کہ وزیراعظم ان کے ساتھ انکے کارکنوں کی تعزیت کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لئے وزیراعظم منہاج القرآن سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن جانے کے لئے بھی تیار ہیں اگر علامہ ڈاکٹر طاہر القادری وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد یا پھر وزیراعظم ہاؤس جاتی امراء بھی آنا چاہیں تو حکومت انہیں خوش آمدید کہے گی ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور گزشتہ شام ملاقات کے لئے علامہ محمد ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے لئے گئے انہیں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے انکے کارکنوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی ہلاکت پر وزیراعظم بہت افسردہ ہیں اور انہوں نے اس واقعہ کا سختی سے نوٹس بھی لیا ہے اور ایک آزاد اور خود مختار عدالتی کمیشن بھی قائم کردیا ہے ،وزیراعظم اس واقعہ کی مکمل اور شفاف انکوائری کروانا چاہتے ہیں اس لئے آپ سے بھی گزارش ہے کہ آپ عدالتی کمیشن پر اعتماد کا اعلان کریں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف علامہ ڈاکٹر طاہر القادری سے تعزیت کے لئے جانا چاہتے ہیں کیونکہ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے تعزیت کے لئے منہاج القرآن جانے والے حکومتی وفد کو انکی جماعت نے وہاں آنے سے روک دیا تھا اسی لئے وزیراعظم میاں محمد نوا ز شریف نے یہ ٹاسک گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو دیدیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کے اس وقت کے آپس میں دوستانہ تعلقات ہیں جب چودھری محمد سرور پہلی مرتبہ برطانوی رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ گورنر کے ساتھ اچھے تعلقات کا ذکر خود علامہ ڈاکٹر طاہر القادری لاہور ائرپورٹ پر کر چکے ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ گورنرچودھری محمد سرور علامہ طاہر القادری کو حکومت کے ساتھ بٹھانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔