قبائلی علاقوں میں پاک فوج کا ضرب عضب آپریشن جاری ،خیبر اور شمالی وزیرستان ایجنسیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری ، مزید 30 دہشت گرد ہلاک ، دہشت گردوں کے پانچ ٹھکانے تباہ،قبائلی عمائدین کی پاک فوج کو مکمل تعاون کی یقین دہانی،وزیراعظم کی بے گھر افراد کو نقد رقم فراہم کرنے کی ہدایت، پاک فوج کا ایک دن کی تنخواہ اور ایک ماہ کا راشن وزیرستان سے نقل مکانی کر نے والے متاثرین کو دینے کا اعلان

اتوار 22 جون 2014 08:25

راولپنڈی ،میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جون۔ 2014ء)قبائلی علاقوں میں پاک فوج کا ضرب عضب آپریشن جاری ہے ،ہفتہ کی صبح سیکورٹی فورسز کی خیبر اور شمالی وزیرستان ایجنسیوں میں جیٹ طیاروں سے بمباری میں 30 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق جیٹ طیاروں نے ہفتہ کی صبح دوبجے پاک افغان سرحد کے قریب خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کے دوٹھکانے تباہ ہوگئے۔

شمالی وزیر ستان میں صبح سویرے پانچ بجے کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران حاسو خیل علاقے میں دہشت گردوں کی تین خفیہ پناہ گاہیں تباہ کردی گئیں جبکہ 15د ہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ پانچ دیگر دہشت گرد مزید کارروائیوں کے دوران مارے گئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ایجنسیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان علاقوں میں شہری آبادی نہیں ہے۔

علاوہ ازیں شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک اور دوسلی میں صبح پانچ بجے سے رات گئے کرفیو میں نرمی کی گئی ہے۔ تین روز میں نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد تقریباً2 لاکھ80 ہزار تک پہنچ گئی۔ شمالی وزیرستان میں نقل مکانی کرنے والوں کے لئے کرفیو میں مسلسل چوتھے روز بھی نرمی کی گئی جس کے دوران تحصیل رزمک اور دوسلی سے بڑی تعداد میں لوگ بنوں کی طرف آرہے ہیں۔

متاثرین کی امداد کے لئے مساجد میں اعلان کئے جارہے ہیں ۔طالبان کی دھمکیوں کے بعد بنوں آنے والے متاثرین امدادی کیمپ جان سے گریز کررہے ہیں اور کچھ خاندانوں نے سڑک کنارے ہی ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔متاثرین بنوں کے علاوہ پشاور، کوہاٹ ،لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کا بھی رخ کررہے ہیں ۔نادرا کی رجسٹریشن کے مطابق اب تک دو لاکھ85 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ غیر سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ نقل مکانی کرنیوالوں کی تعداد3 لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔

ادھرشمالی وزیرستان کے قبائلی عمائدین نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میرانشاہ، میرعلی، دتہ خیل کے قبائلی عمائدین نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قبائلی عمائدین نے یقین دلایا ہے کہ دہشت گردوں کو واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔واضح رہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد سکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 روز قبل شروع کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب میں اب تک 250 سے زائد دہشت گرد ہلاک اور ان کے درجنوں ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں جب کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے 8 جوان بھی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باعث اب تک 2 لاکھ سے زائد لوگ بنوں اور دیگر علاقوں میں نقل مکانی کر چکے ہیں۔جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ شمالی وزیرستان میں قائم تمام چیکنگ پوائنٹس پر بے گھر افراد کو نقد رقوم فراہم کی جائے۔وزیراعظم سیکرٹریٹ کو دی جانے والی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی پیز کو فوری طور پر چیک پوائنٹس پر ہی ایمرجنسی نقد رقم دی جائے۔

انہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ کے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ و ہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

وفاقی وزیر سیفران جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ شمالی وزیر ستان سے پہلے ماہ بے گھر ہونیوالے ہر خاندان کو 15ہزار روپے دے رہے ہیں ،متاثرین کے لئے دو ہزار گاڑیوں کا بندوبست کیا ہے ،امدادی آپریشن کی نگرانی کیلئے ایک میجر جنرل کو تعینات کیا گیا ہے، آئی ڈی پیز کو سرکاری طور پر تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، میں خود ہفتے میں دو سے تین روز آئی ڈی پیز کے پاس جاؤں گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جو آپریشن ہورہا ہے اس سے اس وقت تین لاکھ آئی ڈی پیز باہرآگئے ہیں جس میں پچیاسی فیصد لوگ بنوں کے راستے سے آئے ہیں جن کیلئے بنوں میں سات سو خیموں پر مشتمل کیمپ لگایا گیا ہے جہاں پر تمام سہولیات وفاقی حکومت فراہم کررہی ہے اس کے علاوہ ٹانک ‘ ڈیرہ اسماعیل خان‘ کرک میں بھی خیموں کے کیمپ لگائے گئے ہیں اور وہاں پر بھی تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی ہر فیملی کو تین ہزار روپے دیئے جارہے ہیں پانچ ہزار روپے روز مرہ کی اشیاء کیلئے جبکہ سات ہزار روپے کرائے کے مکان وغیرہ کیلئے دیئے جارہے ہیں جو کل ملا کر پندرہ ہزار روپے بنتے ہیں۔

اس کے علاوہ ورلڈ فوڈ آرگنائزیشن والوں نے پچیس گاڑیاں ہفتہ کو بنوں پہنچا دی ہیں جو کہ آئی ڈی پیز میں تقسیم کی جائیں گی جبکہ کیش رقم بھی گزشتہ روز سے ملنا شروع ہوگئے ہیں جو کہ پندرہ ہزار روپے ہر فیملی کو دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پاک آرمی کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں ایک میجر جنرل کو آئی ڈی پیز کے ساتھ کوآرڈینیشن کیلئے مقررکیا گیا ہے۔

جو ان کو ہر قسم کی سہولیات اور شکایات پر بروقت کارروائی کریں گے۔ آئی ڈی پیز کو سرکاری طور پر تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور میں خود ہفتے میں دو سے تین روز آئی ڈی پیز کے پاس جاؤں گا انہوں نے کہا کہ ہر آئی ڈی پیز کو بغیر کسی دقت کے خیمے دیئے جارہے ہیں اس کے علاوہ افغان بارڈر کے راستے بہت کم آئی ڈی پیز منتقل ہوئے کیونکہ افغان بارڈر بہت بڑا ہے یہ اتنی آسان بات نہیں کہ ان کو اتنی آسانی سے بارڈر کراس نہ کرنے دیا جائے۔

لیکن افغان حکومت اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔ ہم شمالی وزیرستان کے لوگوں کی تکلیف کو سمجھتے ہیں کیونکہ اپنے گھروں چھوڑنا آسان بات نہیں ہے۔

پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنے والے متاثرین کو دینے کا اعلان کردیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونیوالے قبائلی بھائیوں کو تیس دن کا راشن بھی دیا جائے گا تاکہ ان کی فوری ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔