انصاف اورانسانیت کے نام پراپیل کرتا ہوں منہاج القرآن انتظامیہ جوڈیشل کمیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیں،شہباز شریف،میں متاثرین کو ہر قیمت پر انصاف دلانے کا تہیہ کئے ہوئے ہوں،انسانی جانوں کے ضیاع کے ذمہ داروں کو سزا دلانے کیلئے کمیشن کے ساتھ تعاون ضروری ہے ، شہباز شریف اس بات کو برداشت نہیں کرسکتا کہ رکاوٹیں ہٹانے کیلئے عوام پر ظلم کیا جائے، انصاف کے تقاضے ہر قیمت پورے کیے جائیں گے،پنجاب حکومت جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے،واقعہ کے ذمہ دار قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے،زخمیوں کے ریکارڈ میں بھی رد وبدل برداشت نہیں کیا جائے گا،کبھی لاٹھی گولی کی سیاست نہیں کی ۔وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعہ 20 جون 2014 07:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جون۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دو روز قبل پولیس کے ساتھ تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے المناک واقعہ کے حوالے سے انصاف کے تقاضے ہر قیمت پر پورے کیے جائیں گے ا وراس اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔وہ یہاں اراکین اسمبلی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پولیس کے ساتھ تصادم کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید صدمہ پہنچا ہے اور میرا دل بہت غمزدہ ہے -مجھے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین ،عوامی تحریک کے قائدین اور کارکنوں کے جذبات کا مکمل احساس ہے ۔ اندوہناک واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کے لئے عدالتی کمیشن نے کام شروع کردیا ہے اور انشاء اللہ عدالتی کمیشن کی تحقیقات کے نتیجے میں حقائق جلد قوم کے سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

عدالتی کمیشن کی رپورٹ پر من وعن عمل کیا جائے گااور ذمہ دار کسی بھی صورت قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کبھی بھی لاٹھی گولی کی سیاست نہیں کی ،ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت اورشرافت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا ہے اور آئندہ بھی خدمت خلق اور شرافت کی سیاست ہی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس بات کو برداشت نہیں کرسکتا کہ رکاوٹیں ہٹانے کے لئے عوام پر ظلم کیا جائے ۔

انصاف اور قانون کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے اورزخمیوں کے ریکارڈ میں بھی رد وبدل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااوراس سلسلے میں پولیس کی اعلی قیادت اورصوبائی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں انصاف اور انسانیت کے نام پر منہاج القرآن کی انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جوڈیشل کمیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیں کیونکہ عدالتی عمل ہی انصاف کے حصول کا واحد ذریعہ ہے اوراس کا بائیکاٹ مرحومین اور ان کے لواحقین کے ساتھ ناانصافی ہوگی -انہوں نے کہا کہ میں متاثرین کو ہر قیمت پر انصاف دلانے کا تہیہ کئے ہوئے ہوں اورانسانی جانوں کے ضیاع کے ذمہ داروں کو سزا دلانے کے لئے کمیشن کے ساتھ تعاون ضروری ہے - ادارہ منہاج القرآن کی جانب سے تعزیت کے لئے ہمارے وزراء کے وفد سے ملاقات نہ کرنے کے باوجودپنجا ب حکومت انصاف کے تمام تقاضے پورے کرے گی۔

متعلقہ عنوان :