فوج فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے، دہشت گردوں کی شکست یقینی ہے،نواز شریف، آپریشن سے متاثرہ عوام کو ہرممکن سہولیات متاثرین سمیت صوبائی حکومت کو مکمل مدد فراہم کی جائے گی،تمام مطلوبہ فنڈز مہیاء کرنے کیلئے تیار ہیں، اجلاس سے خطاب، شہباز شریف کو ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان آمد کے موقع پر خود نگرانی کی ہدایت، ماڈل ٹاؤن واقعہ پر ذمہ داران کیخلاف غیرجانبدارانہ جوڈیشل انکوائری ہوگی، انصاف کا بول بالا کرنے کیلئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،وزیراعلیٰ کی یقین دہانی

جمعہ 20 جون 2014 07:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جون۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے جس میں دہشت گردوں کی شکست یقینی ہے، آپریشن سے متاثرہ عوام کو ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے، خیبر پختونخواہ میں نقل مکانی کرنے والے متاثرین سمیت صوبائی حکومت کو مکمل مدد فراہم کی جائے گی، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو تمام فنڈز مہیاء کرنے کیلئے تیار ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان آمد کے موقع پر خود نگرانی کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو جبکہ وزیراعلیٰ نے بتایا ہے کہ لاہور ماڈل ٹاؤن میں پیش آنے والے واقعہ پر ذمہ داران کیخلاف غیرجانبدارانہ جوڈیشل انکوائری ہوگی اور انصاف کا بول بالا کرنے کیلئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ملک کی امن و امان کی صورتحال اور آپریشن ضرب عضب سمیت ماڈل ٹاؤن واقعہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیر خزانہ اسحق ڈار‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید‘ وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال‘ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیرریاست ہائے و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سب سے پہلے وزیراعلی پنجاب نے ماڈل ٹاؤن لاہور واقعہ پر نواز شریف کو بریفنگ دی جس میں کہا گیا کہ لاہور ماڈل ٹاؤن میں پیش آنے والے واقعہ پر ذمہ داران کیخلاف غیرجانبدارانہ جوڈیشل انکوائری ہوگی اور انصاف کا بول بالا کرنے کیلئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ دوسری جانب ایجنسیوں کے دیگر حکام کی جانب سے نواز شریف کو بریفنگ دی گئی جس میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں کیساتھ رابطوں کو موثر بنا یا جائے گا۔

اس وقت ملک میں پاک فوج تاریخ کی فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے جس میں دہشت گردوں کی ہر صورت میں شکست یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کے حوصلے بلند کرنے کیلئے پوری قوم اور جمہوری قوتیں ان کیساتھ ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے شہباز شریف کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد کے موقع پر وہ خود نگرانی کریں اور تمام راستوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔

جبکہ نواز شریف نے وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کو بھی ہدایت کی کہ خیبر پختونخواہ میں نقل مکانی کرنے والے متاثرین سمیت خیبر پختونخواہ حکومت کو مکمل مدد فراہم کی جائے اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو تمام فنڈز مہیاء کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔