طاہر القادری جیسے بہروپیوں کوقوم اچھی طرح جانتی ہے،بدقسمتی سے لاہور واقعہ نے طاہر القادری کے مقصد کو تقویت دی، سعد رفیق،سول انتظامیہ میں ایسے عناصر ہوسکتے ہیں جنہوں نے سازش کے تحت یہ سانحہ کرایا ہو تاکہ طاہر القادری کو شور مچانے کا جواز دیا جاسکے،الطاف حسین نے یوم سوگ منانے کا اعلان کرکے احسان فراموشی کی اعلیٰ مثال قائم کی، رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو

بدھ 18 جون 2014 08:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سانحہ لاہور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری جیسے بہروپیوں کوقوم اچھی طرح جانتی ہے۔ طاہر القادری امیر المومنین بننا چاہتے ہیں،بدقسمتی سے لاہور واقعہ نے طاہر القادری کے مقصد کو تقویت دی، لاہور سے نو گو ایریا کے خاتمہ کیلئے پولیس نے کارروائی کی‘ سول انتظامیہ میں ایسے عناصر ہوسکتے ہیں جنہوں نے سازش کے تحت یہ سانحہ کرایا ہو تاکہ طاہر القادری کو شور مچانے کا جواز دیا جاسکے‘ جوڈیشل انکوائری کی تحقیقات کے بعد واقعہ کی حقیقت کھل جائے گی‘ اختیارات سے تجاوز کرنیوالے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،الطاف حسین نے یوم سوگ منانے کا اعلان کرکے احسان فراموشی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور میں پیش آنے والا سانحہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے جس میں آٹھ افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے جس میں واقعہ کے تمام محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔

لاہور سے موصولہ رپورٹس کے مطابق لاہور پولیس شہر سے نو گو ایریاز کے خاتمے کیلئے کارروائی کرنے گئی تھی جس کے بعد عوامی تحریک کے کارکنون نے پولیس پر فائرنگ کی ۔ انہوں نے کاہ کہ یہ بھی ممکن ہوسکتا ہے کہ سول انتظامیہ میں کچھ عناصر اس سانحہ میں ملوث ہوں تاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کو اس واقعہ پر شور مچانے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ڈاکٹر طاہر القادری جیسے بہروپیوں کو اچھی طرح جانتی ہے وہ جمہویت اور ووٹ کی طقت سے تو اڑھائی سیٹیں بھی نہیں حاصل کر سکتے۔

لیکن غیر جمہوری طریقہ سے انقلاب لانا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ جب حکومت ریاستی ادارے ملک کی بقاء کو درپیش چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں تو اس وقت میں ڈاکٹر طاہر القادری جیسے بہروپیے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری گیارہ مہینے کینیڈا میں رہتے ہیں اور صرف پندرہ روز کیلئے ان کے پیٹ میں ملک کے لئے مروڑ اٹھتا ہے، طاہر القادری پاکستانیوں کو اپنے حال پر رہنے دیں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے یوم سوگ منانے کا اعلان کرکے احسان فراموشی کی اعلیٰ مثال قائم کی‘ اگر حکومت کراچی میں ایم کیو ایم کے ہاتھوں مرنے والوں کیلئے سوگ منانے کا اعلان کرے تو سال کے 360 دن تھوڑے ہیں قوم کو ابھی تک یاد ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کراچی گئے تو مشرف کی ایماء پر پچاس معصوم پاکستانیوں کو قتل کیا گیاتھا۔