کیتھے پیسیفک کا پاکستان میں فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان، سکیورٹی وجوہات کے باعث ایئرلائن نے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، 28 جون کو پاکستان سے آخری فلائٹ آپریشن مکمل کیا جائیگا، جنرل منیجر سیلز سہیل یونس ،کسی ایئرلائن نے تحریری طور پر فلائٹ آپریشن بند کرنے کا نہیں کہا، ترجمان سول ایوی ایشن

بدھ 18 جون 2014 08:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون۔2014ء)بین الاقوامی ایئرلائن کیتھے پیسیفک نے پاکستان میں فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا جبکہ ترجمان سول ایوی ایشن نے اس کی تصدیق سے انکار کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد بین الاقوامی فضائی ایئرلائن کیتھے پیسیفک نے پاکستان میں فضائی آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان میں کیتھے پیسیفک کے جنرل منیجر سیلز سہیل یونس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کے باعث ایئرلائن نے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور 28 جون کو پاکستان سے آخری فلائٹ آپریشن مکمل کیا جائے گا۔دوسری جانب سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کیتھے پیسیفک کے فیصلے کی تصدیق سے انکار کردیا ہے،

ان کا کہنا ہیکہ کسی ایئرلائن نے تحریری طور پر فلائٹ آپریشن بند کرنے کا نہیں کہا جبکہ 2 روز قبل اجلاس کے دوران تمام ایئرلائنز کے نمائندوں نے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا تاہم کیتھے پیسیفک کی جانب سے فلائٹ آپریشن بند کئے جانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد کیتھے پیسیفک نے پاکستان سے فضائی آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم 12 جون کو سول ایوی ایشن حکام سے مذاکرات کے بعد کمپنی نے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا تاہم ایک مرتبہ پھر سکیورٹی وجوہات کو بنیاد بنا کر فضائی آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :