دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن، مزید 25 دہشت گرد ہلاک ، 6 ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ،ہلاک شدگان میں غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل ہیں،فوج اپنا گھیرا مزید تنگ کررہی ہے۔،آئی ڈی پیز کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں ۔ آئی ایس پی آر

بدھ 18 جون 2014 08:11

اسلام آباد، میران شاہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون۔2014ء)دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے دوران مزید 25 دہشت گردوں کو ہلاک اور 6 ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں،ہلاک شدگان میں غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل ہیں اور فوج اپنا گھیرا مزید تنگ کررہی ہے۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی میں ہاسو خیل علاقے میں دیسی بم تیار کرنے کی ایک فیکٹری سمیت دہشت گردوں کے 6 ٹھکانے تباہ کئے گئے ہیں۔

یہ کارروائی منگل کی صبح جیٹ طیاروں کے ذریعے کی گئی جس میں 25 ملکی و غیر ملکی دہشت گرد مارے گئے۔آپریشن کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن منصوبے کے تحت جاری ہے ۔آپریشن میں میر علی اور میرانشاہ سمیت دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں گھیراؤ تنگ کیا جارہا ہے اور فوج نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کی ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات میرانشاہ میں محاصرے میں لئے گئے علاقے سے فرار کی کوشش میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک جوا ن فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تعمیر شدہ علاقے میں ابھی کوئی آپریشن نہیں کیا گیا تا کہ دہشت گرد محاصر ے سے نہ نکل سکیں ۔تمام بے گناہ شہریوں کی تفصیلی تصدیق کے بعد ان کا بحفاظت انخلاء کیا گیا ہے ۔آئی ڈی پیز کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں جو پولیٹیکل انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارہ کررہا ہے ۔فوجی جوانوں نے آئی ڈی پیز کیمپ کی سکیورٹی کی ذمہ داری بھی سنبھالی ہوئی ہے ۔علاقے میں اپنے نگرانی آلات کے ذریعے آپریشنل علاقے کی مکمل نگرانی بھی کی جارہی ہے ۔