سپریم کورٹ،مشرف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے حوالے سے دائر درخواست سماعت کے لئے منظو ر ، رواں ہفتے درخواست کو سماعت کیلئے لگایا جائے،سپریم کورٹ آفس کو حکم،مقدمات کو کسی بھی بنچ میں مقرر کرنا چیف جسٹس آف پاکستان کا اختیار ہے وہ آجائیں تو اس کی سماعت کرلیں گے،جسٹس ثاقب نثار، معاملہ نئے بنچ کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوادیا گیا

منگل 17 جون 2014 08:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر جلد سماعت کی درخواست منظور کرتے سپریم کورٹ آفس کو حکم دیا ہے کہ رواں ہفتے درخواست کو سماعت کیلئے لگایا جائے‘ جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ مقدمات کو کسی بھی بنچ میں مقرر کرنا چیف جسٹس آف پاکستان کا اختیار ہے وہ آجائیں تو اس کی سماعت کرلیں گے ویسے بھی ہمارے پاس اصل درخواست زیر سماعت نہیں ہے‘ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دئیے کہ سندھ ہائیکورٹ نے پندرہ روز کا وقت دیا ہے تو اتنی بھی کیا جلدی ہے اگلے ہفتے اس کی سماعت کرلیں گے۔

جسٹس اعجاز افضل خان نے کہا کہ ایک معاملہ ہمارے روبرو ہی نہیں ہے تو ہم اس کا کیسے حکم جاری کردیں جبکہ اس دوران اٹارنی جنرل نے بار بار اصرار کیا کہ معاملہ بہت زیادہ ایمرجنسی کا ہے اسلئے اس کی جلداز جلد بلکہ ابھی سماعت کی جائے مگر عدالت نے اس کی سماعت کرنے سے انکار کردیا اور نئے بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پیر کے روز کیس کی سماعت شروع کی تو اس دوران اٹارنی جنرل پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ یہ عوامی اہمیت کا معاملہ ہے اس کی جلد سماعت کی جائے تو بہتر ہوگا کہ اگر آج ہی اسے سن لیا جائے اس پر عدالت نے کہا کہ ان کے پاس تو معاملہ جلد سماعت کرنے کا ہے اصل درخواست زیر سماعت نہیں ہے اور نہ ہی اس پر نمبر لگا ہے ہم آفس کو کہہ دیتے ہیں کہ اس کا نمبر لگادیا جائے اس پر اے جی نے کہا کہ معاملے میں تاخیر کی گئی تو درخواست غیر موثر ہوجائے گی۔

اس پر عدالت نے کہا کہ آپ کے پاس پندرہ روز ہیں ہم اتنا کہہ دیتے ہیں کہ اس معاملے کو اسی ہفتے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے معاملہ نئے بنچ کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوادیا۔