قومی اسمبلی میں شمالی وزیرستان کے آپریشن ضربِ عضب کے حق میں قرارداد کثرت رائے سے منظور،جماعت اسلامی ، جے یو آئی اور شیخ رشید نے قرارداد پر دستخط نہ کئے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے بے گھر ہونیوالوں کی گھروں کو واپسی تک مالی معاونت جاری رکھنے کا مطالبہ

منگل 17 جون 2014 08:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء)قومی اسمبلی میں شمالی وزیرستان کے آپریشن ضربِ عضب کے حق میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بے گھر ہونیوالوں کی گھروں کو واپسی تک مالی معاونت جاری رکھیں۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے خطاب اور اس کے بعد ارکان کے اظہارخیال کے بعد وفاقی وزیرسائنس اینڈٹیکنالوجی زاہدحامدنے قومی اسمبلی میں شمالی وزیرستان میں ہونے والے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے قراردادپیش کرنے کی اجازت چاہی ،بعدازاں انہوں نے کہاکہ یہ ایوان شمالی وزیرستان میں ہونیو الے آپریشن کی حمایت کرتاہے کیونکہ دہشت گردوں نے پاکستان کی پاک سرزمین کی تقدس کے پامال کیا،مذہبی عبادتگاہوں ،اہم قومی تنصیبات کونشانہ بنانے کے ساتھ بے گناہ عوام کاقتل عام کیااوریہ ایوان دہشت گردوں کیخلاف قبائلی علاقوں میں ہونیو الے فوجی آپریشن کی بھرپورحمایت کرتاہے اوریہ ایوان واضح کرتاہے کہ دہشت گردوں کومقدس سرزمین ان کے مذموم مقاصدکیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے ۔

(جاری ہے)

قراردادمیں مزیدکہاگیاہے کہ عسکریت پسندسیکورٹی فورسزنجی اورسرکاری تنصیبات اورمقامات پرحملوں میں ملوث ہیں جن میں فوجی جوان اورمعصوم شہری شہیدہوئے اورملک کی سالمیت ،تحفظ ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑاہے جبکہ یہ ایوان وفاقی اورصوبائی حکومت سے مطالبہ کرتاہے کہ آپریشن کے سلسلے میں وہاں سے نقل مکانی کرنے والوں کی اس وقت تک صوبائی ووفاقی حکومتیں مالی معاونتیں کریں جب تک یہ لوگ اپنے گھروں کوواپس نہیں چلے جاتے ۔

قراردادپرن لیگ ،پی ٹی آئی ،پاکستان پیپلزپارٹی ،قومی وطن پارٹی اورایم کیوایم کے دستخط ہیں جبکہ جماعت اسلامی اورجمعیت علماء اسلام ف نے آپریشن کی مخالفت کرتے ہوئے قراردادپردستخط نہیں کئے ،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے بھی دستخط نہیں کئے ۔