پیپلزپارٹی ، جماعت الدعوة ، شیعہ علماء کونسل کا وزیرستان آپریشن کی حمایت کا اعلان

منگل 17 جون 2014 08:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن ضرب عضبکی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم ملک بچانے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ محفوظ مستقبل کیلئے دہشت گردوں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے دہشت گرد پچاس ہزار سے زائد افراد کی جانیں لے چکے ہیں آرپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوج کا ساتھ دیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان نے شمالی وزیرستا ن میں فوجی آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ جو مذاکرات ، آئین و قانون کی بات ماننے کیلئے تیار نہیں تو انکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا البتہ لشکر جھنگوی جو براہ راست عوام کی قاتل تنظیم ہے اس کے حوالے سے بھی حکومت موقف واضح کرے،شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنماء علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ عالمی استعماری و صہیونی قوتیں عالم اسلام کے خلاف بڑ ی سازشوں میں مصروف ہیں، عراق پر دہشت گردجماعت داعش کا حملہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، دہشت گردسمجھتے ہیں کہ وہ زیارات مقدسہ کو نقصان پہنچائینگے تو یاد رکھیں کہ اس کی بڑی قیمت انہیں چکانا پڑے گی، حکومت زائرین کو مکمل سیکورٹی فراہم کرکے راستے فی الفور کھولے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مرکزی دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ عراق کی صورتحال میں وہی عوامل کارفرما ہیں جنہوں نے پہلے شام میں حالات خراب کئے اوراب وہ عراق پر چڑھ دوڑے ہیں لیکن ہماری تمام ہمدردیاں و حمایت عراقی عوام کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد عرا ق میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کرتے ہوئے بے گناہ عوام کا قتل عام کررہے ہیں اگر دہشت گرد سمجھتے ہیں کہ وہ عتبات عالیہ کو نقصان پہنچائینگے تو اس کی دہشت گردوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی موجودہ امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آپریشن کے حوالے سے اگر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لے کر آپریشن کیا جاتاہے تو بھرپور حمایت کرتے ہیں کیونکہ قومی اسمبلی کو بھرپور عوامی تائید حاصل ہے جبکہ جو مذاکرات و آئین قانون کی بات نہیں سمجھتے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگاالبتہ قبل ازیں مذاکرات کے وقت عوام کے براہ راست قاتل لشکر جھنگوی کے حوالے سے کوئی بات نہ کی گئی لشکر جھنگوی کے ہاتھ عوام کے خون سے تر ہیں اور یہ لوگ سرتاپا عوام کے قتل میں ملوث ہیں اور ملک میں دہشت گردی کی بنیاد رکھنے والابھی یہی دہشت گرد گروہ ہے۔

علامہ عارف واحدی نے سانحہ تفتان کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے سانحہ تفتان کے بعد راستوں کو بند کردینا کہاں کی حکمت ہے جو لوگ بذریعہ ہوائی جہاز سفر کی استطاعت نہیں رکھتے تو وہ کہاں جائیں اس سلسلے میں عوام میں شدید اضطراب و تشویش پائی جاتی ہے اس لئے فی الفور زمینی راستوں کو کھولا جائے اور زائرین کومکمل سیکورٹی فراہم کی جائے ۔

جماعة الدعوة نے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ فو جی آپریشن نا خوشگوار لیکن مسلسل دہشت گردی کی وجہ سے ناگیزیر ہو گیا تھا،دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے حکومت اور فوج کے اقدامات کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اس کا خاتمہ خیر پر ہو ،وزیر اعظم فوری طور پر قوم کو اعتماد میں لے کر بتائے کہ وہ کیا وجوہات تھیں جن کی وجہ سے آپریشن ناگزیر ہو گیا ۔

جماعة الدعوة اسلام آباد کے امیر شفیق الرحمن نے اپنے بیان میں کہاکہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ جو لوگ لڑنا نہیں چاہتے انکے ساتھ مذاکرات کیے جائیں، متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والوں کو رہائش کھانا اور دیگر سہو لیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے ، جماعة الدعوة متاثرین کو اشیائے خورد و نوش اور روز مرہ زندگی کے استعمال کی اشیاء کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔شفیق الرحمن نے کہا کہ پاکستان کو مشرقی اور مغربی دونوں سرحدوں سے سخت خطرات درپیش ہیں بھارت ا س صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش ضرور کرے گا لیکن حکومت کو اس حوالہ سے بھی سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔