پاک بحریہ سمندری مفادات کی حفاظت اور سرحدوں کے دفاع کیلئے پوری طرح چوکس ہے،نوازشریف،حکومت پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی،نیول ہیڈکوارٹر کے دورہ میں اظہار خیال

منگل 17 جون 2014 08:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جون۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہماری بحریہ ملک کے بحری مفادات کی حفاظت اور بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور چوکس ہے۔ انہوں نے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور یقین کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار نیول ہیڈ کوارٹرز تشریف آوری کے دوران کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور اس کی نمایاں اقتصادی حیثیت سے پوری طرح آگاہ ہیں اور اس حقیقت کا بھی مکمل ادراک رکھتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت کا دارو مدار اس کی بین الاقوامی تجارت پر ہے جو تقریبا مکمل طور پر سمندر کے ذریعے کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر نہایت تقویت کا باعث ہے کہ ہماری بحریہ ملک کے بحری مفادات کی حفاظت اور بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور چوکس ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ یہ ایک متوازن اور موثر بحری قوت کے طور پر مستقبل کے چیلنجز کا بخوبی مقابلہ کرسکے ۔

قبل ازیں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر ایک تفصیلی بریفنگ دی جس میں وزیر دفاع اور پاک بحریہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے وزیر اعظم کا خیر مقدم کیا اور پاک بحریہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازیں معزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔