تحریک منہاج القرآن نے ڈاکٹر طاہر القادری کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی،طاہر القادری تین روز میں اسلام آباد سے لاہورپہنچیں گے، جلسوں کا آغاز گوجرخان سے ہوگا،حکمرانوں کو قادری فوبیا ہو گیا ہے ،قومی اداروں کو توڑنے اور لڑانے والے جلد مکافات عمل کا شکا رہونگے ،ظلم و نا انصافی،کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ سبز انقلاب سے ہی ممکن ہے، بشارت جسپال

پیر 16 جون 2014 08:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جون۔ 2014ء) تحریک منہاج القرآن نے ڈاکٹر طاہر القادری کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی، شیخ الاسلام 3 روز میں اسلام آباد سے لاہورپہنچیں گے، جلسوں کا آغاز گوجرخان سے ہوگا، جبکہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہاہے کہ حکمرانوں کو قادری فوبیا ہو گیا ہے،ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد کا سن کران کو دن میں ڈراؤنے خواب آ رہے ہیں،استقبال اور قیام سے نام نہاد جمہوریت کے چیمپئین سیاستدانوں کو دن میں تارے نظر آ جائینگے ،قومی اداروں کو توڑنے اور لڑانے والے جلد مکافات عمل کا شکا رہونگے ،ظلم و نا انصافی،کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ سبز انقلاب سے ہی ممکن ہے۔

باوثوق ذرائع نے ”خبررساں ادارے“کو بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان آمد کے بعد شیڈول کو حتمی شکل دیدی،ذرائع کے مطابق شیخ الاسلام کے استقبال کیلئے راولپنڈی اسلام آباد کے کارکنوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اس سلسلے میں ڈویژنل عہدیداروں کو بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں تاکہ کارکنوں کے جھرمٹ میں طاہر القادری کو بے نظیر انٹرنیشنل ائرپورٹ سے بذریعہ جی ٹی روڈ لاہور لے جایا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ اس سلسلے میں ڈاکٹر طاہر القادری کا پہلا پڑاؤ گوجرخان میں ہوگا اور پاکستان میں یہ ان کا وطن واپسی کے بعد پہلا جلسہ ہوگا، دوسرا جلسہ کھاریاں اور تیسرا جہلم میں منعقد کیا جائیگا اسی طرح گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں کارکنوں کی بڑی تعداد حافظ آباد کے مقام پر اپنے قائد کا استقبال کریگی جو طاہر القادری کے جلسہ کے ساتھ لاہورجائیگا ذرائع نے مزید بتایا کہ طاہر القادری کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور 3 دن میں 26جون کی شام زندہ دلان کے شہر میں پہنچے گا۔

دوسری جانب اسی سلسلے میں عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے پارٹی سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس طلب کیا جس میں سیکرٹری جنرل فیاض وڑائچ ، قاضی فیض و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران طاہر القادری کی آمد کے سلسلے میں تیاریوں اور روٹس کے معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کے دوران بشارت جسپال نے کہا کہ جس روز سے ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنی آمد کے بارے پریس کانفرنس کی اسی دن سے کرپٹ حکمران بد حواسی کا شکار ہو گئے ہیں۔

حکومتی وزراء کے بیانات سے محسوس ہو رہا ہے کہ انکو قادری فوبیا ہو گیا ہے ۔جس سے ان کی رات کی نیندیں اڑ گئیں اور دن کو ڈراؤنے خواب آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 23جون کو اسلام آباد ائیر پورٹ پر قائد انقلاب کا تاریخ ساز استقبال ہو گا ۔جس سے پاکستان کے نام نہاد جمہوریت نواز سیاستدانوں کی آنکھیں کھل جائیں گی ۔فیاض وڑائچ نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے ایک سالہ دور میں بد ترین شخصی آمریت کا مظاہرہ کیا ہے ۔

قانون اور آئین پاکستان کو اپنے اختیارات تلے روندا ہے ۔عوام کو ظلم و نا انصافی کی چکی میں پیس کر غربت اور مہنگائی کی دلدل میں پھینک دینے والے حکمران کس منہ سے ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کی باتیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران قومی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا اور بے بس عوام کے خون کا آخری قطرہ چوسنا چاہتے ہیں۔