پولیو سے چھٹکارے کیلئے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اسلام آ با د میں شروع، اعلامیہ آج جاری کیا جائیگا، پاکستان کو فری پولیو ملک قرار دے کر رہیں گے، علماء کرام آگاہی مہم کیلئے حکومت کا ساتھ دیں، سائرہ افضل تارڑ

پیر 16 جون 2014 08:47

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جون۔ 2014ء) مہلک بیماری پولیو سے چھٹکارے کیلئے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس شروع ہوگئی، مشترکہ اعلامیہ آج پیر کو جاری کیا جائیگا، امام کعبہ بھی شرکت کرینگے، وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہاہے کہ پاکستان کو فری پولیو ملک قرار دے کر رہیں گے، علماء کرام آگاہی مہم کیلئے حکومت کا ساتھ دیں، کانفرنس اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، پوری دنیا سے مہلک مرض ختم ہوچکا افسوس ہم 9/11 کے بعد خطہ کی بدترصورتحال کے باعث اہداف کو حاصل نہ کرسکے، اسلام زندگی کی حفاظت کی ضمانت دیتا ہے ، تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے ، تقریب سے خطاب۔

اتوار کو اسلام آباد میں پولیو سے پاک پاکستان کیلئے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس شروع ہوگئی جو آج(پیر) شام تک جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے مہمان خصوصی امام کعبہ ہیں جو آج خصوصی طور پر کانفرنس میں شریک ہونگے اور متفقہ اعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔ اتوار کو کانفرنس میں وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ اینڈ سروسز سائرہ افضل تارڑ، پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا حافظ طاہر محمود اشرفی، وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری،سینیٹر روبینہ خالد اور ملکی و غیر ملکی مندوبین کے علاوہ دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سائر ہ افضل تارڑ نے کہاکہ وہ کانفرنس میں شرکت کرنیوالے معزز مہمانوں کو حکومت پاکستان کی جانب سے خوش آمدید کہتی ہیں انہوں نے کہاکہ ہم سب اس جگہ ایک نیک مقصد کیلئے جمع ہوئے ہیں اور امید ہے کہ موذی مرض پولیو کے خاتمے کیلئے یہ کانفرنس اہم سنگ میل ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ہمار ا اولین مقصد ہے کہ پولیو کو جڑ سے ختم کرکے امت مسلمہ کے مستقبل (بچوں) کو معذور ی سے نجات دلائی جاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ موذی مرض پوری دنیا سے ختم ہوچکاہے مگر افسوس پاکستان سمیت 3 اسلامی ملکوں میں ابھی تک یہ مہلک وائرس موجود ہے جوکہ دیگر دنیا کیلئے بھی خطرے کا باعث بن رہاہے جس کے باعث پاکستانیوں پر سفرکے دوران پولیو ویکسی نیشن لازمی قراردیدی گئی ہے اور کچھ سفری پابندیوں کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں اکٹھے ہونے کامقصد بھی یہی ہے کہ ہم اقوام عالم کو پیغام دے سکیں کہ ہم اس مرض سے چھٹکار ے کیلئے سنجیدہ ہیں اور جامع لائحہ عمل تشکیل دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں درپیش مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کس طرح اپنے اہداف کو حل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 9/11 کے بعد خطہ کی بدتر امن وامان کی صورتحال کے باعث ہم اہداف حاصل نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام زندگی کی حفاظت کی ضمانت دیتاہے اور ہم پر فرض ہے اس امانت کی حفاظت کریں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ 2روز میں لائحہ عمل طے کرنے میں کامیاب ہوجائینگے اور آج (پیر) متفقہ اعلامیہ جاری کرینگے تاکہ یہ پیغام عوام تک پہنچ سکے اور ان میں آگاہی پیدا ہو اس سلسلے میں علماء کرام بھی اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب سے مولانا طاہر محمود اشرفی، قاری حنیف جالندھری ، سینیٹر روبینہ خالد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :