”غازی عبدالرشید قتل کیس“،مقدمہ کے چالان میں مرکز ی ملزم کو خانہ نمبر 2میں رکھنے پر پراسیکیوشن برانچ کا اعتراض ،پولیس اعتراضات کو دور کرنے کے بعد دوبارہ چالان پراسیکیوشن برانچ بھیجی گی‘ذرائع

پیر 16 جون 2014 08:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جون۔ 2014ء)غازی عبدالرشید قتل کیس،مقدمہ کے چالان میں مرکز ی ملزم کو خانہ نمبر 2میں رکھنے پر پراسیکیوشن برانچ نے اعتراض اٹھا دیا ،پراسیکیوشن برانچ تھانہ آبپارہ پولیس کی جانب سے بھیجے گئے حتمی چالان پراعتراضات لگا کر چالان تھانہ آبپارہ واپس بھیج دیا ہے جہاں آبپارہ پولیس ان اعتراضات کو دور کرنے کے بعد دوبارہ چالان پراسیکیوشن برانچ بھیجی گی۔

ذرائع کے مطابق غازی عبدالرشید قتل کیس کا حتمی چالان مرتب کر کے تھانہ آبپارہ پولیس نے پراسیکیوشن برانچ بھیج دیا تھا جہاں مذکورہ چالان میں پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے پرویز مشرف کو اس مقدمہ میں بے قصور قرار دیتے ہوئے ان کا نام بے قصور ملزمان کے خانہ نمبر دو میں لکھا تھا تاہم پراسیکوشن برانچ نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسیکیوشن برانچ کی لیگل رائے کے مطابق محض بیانات اور شواہد کی بنیاد پر ملزم کا نام خانہ نمبر دو میں نہیں لکھا جا سکتا ہے اور اس کے علاوہ بھی حتمی چالان میں کچھ اعتراضات ٹھائے گئے ہیں جس کے باعث پراسیکیوشن برانچ نے اعتراضات دور کرنے کے لئے چالان تھانہ آبپارہ بھیج دیا ہے جہاں تفتیشی ٹیم ان اعتراضات کو دور کرنے کے بعد چالان دوبارہ پراسیکیوشن برانچ بھیجے گی اور اس کے بعد یہ چالان مقدمہ کی سماعت کے موقع پر عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔

واضح رہے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد واجڈ علی خان نے پرویز مشرف کو غازی عبدالرشید قتل کیس میں یکم جولائی کو اپنے ضامنوں سمیت عدالت میں طلب کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :