جمہوریت کو اصل خطرہ حکمرانوں کی معاشی نا انصافی اور دھاندلی سے ، جب لوگوں کو معاشی انصاف نہیں ملتا وہ فوری حل کیلئے فوج کی طرف دیکھتے ہیں،عمران خان ، رمضان المبارک کے بعد خود سڑکوں پر آکر مظاہروں کی قیادت کروں گا،ہمارے احتجاج کو حکومت برداشت نہیں کرپائے گی،ہم جمہوریت ڈی ریل نہیں شفاف الیکشن کی بات کررہے ہیں،ہمارا اور طاہر القادری کا ایجنڈے مختلف ہے ،لندن جاکر خفیہ ملاقاتیں کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ،نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال

اتوار 15 جون 2014 08:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15جون۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رمضان المبارک کے بعد خود سڑکوں پر آکر مظاہروں کی قیادت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کو اصل خطرہ حکمرانوں کی معاشی نا انصافی اور دھاندلی سے ہے جب لوگوں کو معاشی انصاف نہیں ملتا وہ فوری حل کیلئے فوج کی طرف دیکھتے ہیں۔ ہمارا اور طاہر القادری کا ایجنڈے مختلف ہے، وقت نے ثابت کردیا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جمہوریت کو خطرہ ہے، جمہوریت کو مضبوط جمہوری نظام اور صاف و شفاف الیکشن سے کیا جا سکتا ہے۔ ہم جمہوریت ڈی ریل نہیں شفاف الیکشن کی بات کررہے ہیں۔ حکومت الیکشن میں دھاندلی چھپانے کیلئے پروپیگنڈہ کررہی ہے‘ 4 حلقوں کے نتائج کھلنے سے سے سارا بھید کھل جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین دس ماہ سے انصاف کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ،اب کہا جارہا ہے ووٹوں کو دیمک کھا گئی ۔ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا جو مرضی ہوجائے گیارہ مئی کے الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کو بے نقاب کرائیں گے۔ جب تک دھاندلی میں ملوث افراد کو سزائیں نہیں ملیں گی اس وقت تک دھاندلی ختم نہیں ہوگی ،دھاندلی میں ملوث افراد کا احتساب چاہتے ہیں ملکی حالات کے پیش نظر الیکشن کے نتائج کو قبول کیا لیکن دھاندلی قبول نہیں ہے اب وقت نے ثابت کردیا ہے کہ الیکشن شفاف نہیں ہوئے،رمضان المبارک کے بعد خود سڑکوں پر نکلوں گا،ہمار احتجاج حکومت برداشت نہیں کر سکے گی۔

لگتا ہے ن لیگ کو ووٹ ٹائپنگ کی غلطی سے ملے ہیں عوام نے نہیں دیئے۔

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کا ایجنڈا ہمارے ایجنڈے سے مختلف ہے طاہر القادری سے اتحاد کے بارے میں بھی نہیں کہہ سکتا ،طاہر القادری کا ایجنڈا کیا ہے ابھی معلوم نہیں ہے۔ رائیونڈ میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی باقی ملک بھر میں لوڈ شیدنگ ہورہی ہے وزیراعظم نواز شریف کے بیرون ملک دوروں پر یومیہ خرچ 43 لاکھ روپے آتا ہے۔

رائیونڈ میں چالیس کروڑ روپے پولیس پر خرچ ہورہے ہیں جبکہ وزیراعظم کا یومیہ خرچ ساڑھے اکیس لاکھ روپے ہے پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم سرمایہ کاری اس سال ہوئی ہے۔ لندن جاکر خفیہ ملاقاتیں کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے میرا کوئی پلان خفیہ نہیں جو لندن میں ملاقاتیں کروں‘ سا ستدان ہوں اگر کوئی آیا تو یہاں ملاقات کروں گا تمام سیاست دان اپنے اور بچوں کے اثاثے ڈکلیئر کردیں۔انہوں نے کہا کہ عزت اور ذلت الله کے ہاتھ میں ہے کسی میڈیا گروپ کے ہاتھ میں نہیں ہے ۔حکومت کا ایک وزیر جیو کے ساتھ کھڑا دوسرا کہہ رہاہے کہ ملک دشمنی کے ثبوت دیکھے ہیں۔