قومی اسمبلی میں ساتویں روز بھی بجٹ پر بحث جاری، وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے پالے گئے کتوں کیلئے پچیس لاکھ کی خوراک ، 22 کروڑ گاڑیوں پر خرچ کردیئے گئے ، اسحاق ڈار بتائیں کس مد میں اپنے بیٹے کو اکتالیس کروڑ قرضہ دیا ، بجلی پر سبسڈی ختم کرکے عوام پر بوجھ بڑھا دیا گیا ہے ، ہر سال 1.2 ملین نوجوان سالانہ بے روزگار ہورہے ہیں ، حکومت نفسیاتی ذہنی اور نظریاتی طور پر دہشت گردوں کیخلاف لڑنے کو تیار نہیں ، کراچی طالبان کے نرغے میں ہے،اپو زیشن ارکان،اپوزیش سجن بے پرواہ کی طرح ہر بات پر تنقید نہ کرے انہیں میٹرو بس ، بلٹ ٹرین جیسے عوامی منصوبے ، یوتھ لون پروگرام کیوں پسند نہیں ، نئی نسل کو صرف بابو نہیں باعزت و باوقار شہری بنانا چاہتے ہیں ، اپوزیشن نے اپنے دور حکومت میں کون سے تیر چلائے یا دودھ کی نہریں بہائیں، حکومتی ارکان کا سوال

اتوار 15 جون 2014 08:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15جون۔2014ء) قومی اسمبلی میں ہفتہ کو ساتویں روز بھی بجٹ پر بحث جاری رہی ، اپوزیشن نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے پالے گئے کتوں کیلئے پچیس لاکھ کی خوراک ، 22 کروڑ گاڑیوں پر خرچ کردیئے گئے ، اسحاق ڈار بتائیں کس مد میں اپنے بیٹے کو اکتالیس کروڑ قرضہ دیا ، بجلی پر سبسڈی ختم کرکے عوام پر ایک طورپر بوجھ بڑھا دیا گیا ہے ، ہر سال 1.2 ملین نوجوان سالانہ بے روزگار ہورہے ہیں ، کراچی میں روزانہ پچاس کروڑ بھتہ وصول ہورہا ہے اب یہ روایت اسلام آباد میں بھی پہنچ چکی ہے حکومت کیا کررہی ہے؟ حکومت نفسیاتی ذہنی اور نظریاتی طور پر دہشت گردوں کیخلاف لڑنے کو تیار نہیں ، کراچی طالبان کے نرغے میں ہے کچی آبادیاں سب سے بڑا خطرہ ہیں ، وفاقی بجٹ میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ڈاکٹر نفیسہ شاہ ، اقبال محمد علی ، اظہر جدون ، نبیل گبول ، کرنل ریٹائرڈ امیر اللہ مروت ، ، مراد سعید ، و دیگر اپوزیشن کا بجٹ بحث میں اظہار خیال ۔

(جاری ہے)

حکومتی ارکان نے کہا ہے کہ اپوزیش سجن بے پرواہ کی طرح ہر بات پر تنقید نہ کرے انہیں میٹرو بس ، بلٹ ٹرین جیسے عوامی منصوبے ، یوتھ لون پروگرام ، کیوں پسند نہیں ہم نئی نسل کو صرف بابو نہیں باعزت و باوقار شہری بنانا چاہتے ہیں ، بہترین بجٹ پیش کیا گیا ہے اب اپوزیشن کا بس نہیں چلتا، اس نے اپنے دور حکومت میں کون سے تیر چلائے یا دودھ کی نہریں بہائیں ۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2014-15ء پر بحث کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کرنل ریٹائرڈ امیر اللہ مروت نے کہا کہ ملک ناانصافی اور کرپشن سے ٹوٹتا ہے ، اداروں میں ایڈہاک ازم کا خاتمہ کرکے مستقل بنیادوں پر سربراہوں کی تعیناتی کی جائے ۔ہمیں خدشہ ہے کہ مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہونگے اور یہ بجث غریبوں کا نہیں امیروں کا ہے ۔ وزیراعظم اور وزیر خزانہ اور ان کے بیٹے بھی پاکستان میں کاروبار کریں تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کریں پاکستانی پیسے یہاں پر خرچ ہوں ۔

تحریک انصاف کے سعید مراد سعید نے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق دو ملین نوجوان بے روزگار ہورہے ہیں انسانی ترقی انڈیکس کے مطابق پاکستان دنیا میں 137واں نمبر ہے جبکہ سکیورٹی پر کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشکول توڑنے کی بات کی تھی مگر حکمران کشکول لیے دنیا میں پیسے مانگتے پھر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی کے لیے چوبیس لاکھ کے کتے لیے جاتے ہیں اور بائیس کروڑ روپے کی لگژری گاڑیاں خریدی جاتی ہیں،وزیر خزانہ نے ملکی خزانے سے بیٹے کو 41کروڑ روپے ادھار دیئے ہیں ۔

پختونخواہ میپ کے عبدالقہار خان نے کہا کہ حکومت نے 120ارب کی سبسڈی ختم کی ہے جس کا فائدہ غریب کو ہورہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ناانصافی کا دور دورہ ہے اور حکومت پاک چین اقتصادی راہداری کا روٹس پشتون علاقوں سے گزارے اگر ایسا نہ کیا گیا تو پختونوں میں احساس محرومی بڑھے گی ۔ستم ظریفی یہ ہے کہ صوبہ بلوچستان میں صرف کوئٹہ اور خضدار میں پاسپورٹ آفس قائم ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں پاسپورٹ آفس ہی نہیں ہیں ۔

ایم کیو ایم کے عبدالوسیم نے کہا کہ ملک میں غریب اور امیر آبادہیں جبکہ مڈل کلاس ختم ہوگئی ہے پاکستان ڈائریکٹ ٹیکس لگا رہی ہے اس سے حکومت کو مزید نوٹ چھپانے ہونگے انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتیں بند ہوگئی ہیں حکومت نے نئی صنعتیں لگانے کے حوالے سے کوئی اخراجات نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے اور یہ شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ گیس پر 140 ارب روپے اسیس سرچارج صوبوں کا حق ہے آئین کے تحت مرکز وصول نہیں کرسکتا موجودہ دور حکومت میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہوتی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں، اب ہر شخص بیرون ملک جانے سے پہلے پولیو کے قطرے پیے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور تفتان پر حملہ ملک کی سالمیت پر حملہ ہے اور قومی سلامتی کے حوالے سے حکومت نے کوئی پیسے نہیں رکھے ۔ کراچی میں بھتہ خوری کی مد میں پچاس کروڑ روپے بھتہ وصول ہورہا ہے اب تشویش کی بات ہے کہ اب کراچی میں بھی بھتہ وصول کیا جارہا ہے ۔

حکومت نفسیاتی ، ذہنی اور نظریاتی طور پر دہشتگردوں کیخلاف لڑنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے محمد اعجاز چوہدری نے کہا کہ بجٹ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے اور ملک میں خرابی بھٹو دور میں قومی اداروں کو حکومتی تحویل میں لینے سے ہوئی جس سے معیشت پر برے اثرات پڑے۔ وزیراعظم نے معیشت کو اچھے راستے پر گامزن کیا ہے دنیا میں سپر پاور بھی معیشت کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔

ملک میں بے روزگاروں اور بیمار یونٹس کو دیا جانے والا پیسہ سکیورٹی اداروں کو دیا جائے۔دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت شہروں کی بجائے دیہات میں بھی ترقیاتی کام کروائے۔ تحریک انصاف کے سراج محمد خان نے کہا کہ حکومت نے کلاس فور کے ملازمین کو فارغ کرکے زیادتی کی ہے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کی آسیہ ناصر نے کہا کہ بجٹ مقدس کیا نہیں کہ اس پر تنقید نہیں کرسکتے اور نہ ہی اس کی حمایت کرسکتے ہیں کیونکہ اس میں کچھ بھی نہیں ہے اس سے لوگوں کی حالت بدلنے میں کوئی چیز نظر نہیں آرہی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں اقلیتوں کے لئے علیحدہ وزارت قائم کی جائے جو کہ اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ کرے ۔ صوبہ خیبر پختونخواہ میں چرچ پر ہونے والے حملہ کے بعد اس کی مرت نہیں کی گئی اور پاکستان میں اقلیتی برادری عدم تحفظ کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعصب شدہ لٹریچر کا خاتمہ کیاجائے غریب طبقہ کو مراعات دی جائیں اور امیروں پر ٹیکس لگائے جائیں ۔

ایم کیو ایم کے سردار نبیل احمد گبول نے کہا کہ ایوان میں بجٹ پر تنقید اور تعریف کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے لوگوں کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ملک میں بجلی نہیں ہے لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ جلا وطنی اور جیل جانے کا دور واپس نہ آجائے، تحریک انصاف کو دھرنے کی سیاست سے باز رہنا چاہیے۔

موجودہ حکومت نے حالات کو دیکھتے ہوئے بہترین بجٹ پیش کیا ہے ۔میٹروبس منصوبے عوام کیلئے شروع کئے گئے مگر اپوزیشن سجن بے پرواہ کی طرح ہر بات پرناراض ہورہی ہے۔تحریک انصاف کے اظہر جدون نے کہا کہ حکومت کے مثبت کاموں کی تعریف کریں کہ ایک طرف تو حکومت میٹرو بس کا منصوبہ شروع کردیا ہے جبکہ دوسری جانب بچوں کے سکولوں کی فیس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ڈینٹل کونسل پر مافیا کا قبضہ ہے اور اس میں کرپشن کرنے والوں کیخلاف آج تک ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہوا اگر کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد نہ ہوا تو کمیٹیوں کی ممبر شپ سے استعفیٰ دیدینگے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کی قرارداد پاس کرکے وفاقی حکومت کو بھیجی ہے حکمران صوبہ ہزارہ کا اعلان کریں مسلم لیگ ن کے فیصل جارج نے کہا کہ حکومت ملک سے اندھیروں کو مٹانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے موجودہ حکومت نے اقلیت اور اکثریت میں فرق ختم کردیا ہے۔ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی نے کہا کہ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بجٹ میں گلاب ، سبز اور سفید رنگ کے کیپسول دیئے ہیں اب وزراء کو موشن لگے ہوئے ہیں،بجٹ میں غریب عوام کے لیے کچھ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم اور گیس کی قیمتیں کم کی جائیں اور وزیراعلیٰ پنجاب نے توانائی بحران ختم کرنے کا الٹمی میٹم دیا تھا اب ان کو تبدیل کریں اور کوئی دوسرا نام رکھیں۔

ملک کو سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی کا درپیش ہے اور بجٹ کا حقیقت پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔مسلم لیگ ن کی شاہ جہاں منگریو نے کہا کہ حکومت نے حیدر آباد سے کراچی تک موٹروے شروع کی،قوم کے بچے روٹی مانگتے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کے نثار محمد جٹ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا پہلا بجٹ ہے حکومت کو ورثے میں توانائی بحران ، گیس اور دہشتگردی جیسے مسائل ملے ہیں ۔

جمہوریت کے تسلسل اور مفاہمتی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں چین سے بتیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی اور اس طرح ترکی کے ساتھ بھی متعدد معاہدے کئے ہیں۔

تحریک انصاف کے حامد الحق نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں قومی شاہراہوں کی صورتحال غیر تسلی بخش ہے جس کی وجہ سے دہشتگردی کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔انتخابات میں دھاندلی کے معاملے کو منظر عام پر لائے ہیں اور اس حوالے سے دھرنے بھی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو سو ارب روپے نہیں دنیا چاہیے تھا اور ملک میں یکساں گیس کی تقسیم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ممبران کی تنخواہوں کے بڑھانے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ مسلم لیگ نواز کے محمد خان نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے اچھا بجٹ ہے زمیندار کو کافی عرصہ سے بہت سے ٹیکس ادا کررہا ہے زرعی زمین روز بروز کم ہوتی جارہی ہے اس پر حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ملک کے لیے ناگزیر ہوچکا ہے تحریک انصاف کی ساجدہ بیگم نے کہا کہ بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تھا اس میں لوگوں کو دی جانے والی رقم میں اضافہ کیاجائے اور مہنگائی میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان دہشتگردی کی طرف مائل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی تربیت دی جائے اور بڑے افسوس کی بات ہے کہ پاکستان ایٹمی ملک تو ہے لیکن بجلی کا بحران حل نہیں کیا جاسکا ہے ۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قمر زمان نے کہا کہ حکومت امن وامان قائم کرنے میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے ۔مسلم لیگ (ن) کی آسیہ ناز تنولی نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت ان حالات میں بہت اچھا بجٹ پیش کیا جی ڈی پی کی شرح 4.1فیصد رہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مزدور اور کاشتکاروں کے لیے بجٹ میں بہت کچھ ہے وفاقی حکومت صوبوں سے مل کر پولیو کے خاتمے کیلئے بہت کچھ کام کررہی ہے انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں مغلیہ سلطنت قائم کی ہوئی ہے اور گزشتہ تیرہ سال میں پاکستان کی واٹ لگادی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے لیے بیالیس ارب روپے رکھے ہیں تاکہ تعلیم کو مرکزی اہمیت دی جائے ۔ تحریک انصاف کے عمران خٹک نے کہا کہ حکومت کا کوئی ویژن اور ڈائریکشن نہیں ہے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے پر توجہ نہیں دی گئی،قوم کے دو سو ارب ڈالر ملک میں واپس لائے جائیں۔وزیر خزانہ کو بجٹ آئی ایم ایف نے بنا کردیا ہے وزیر خزانہ نے محض اعلان کیا ہے ۔