بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پاکستانی ہم منصب کو جوابی خط،نواز شریف کے دورہ بھارت سے جمہوریت کو استحکام ملا‘ تصادم اور تشدد سے پاک ماحول میں نواز شریف کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں‘ کراچی ایئرپورٹ پر حملہ قابل مذمت ‘ دہشت گردی کے وحشیانہ اقدام میں معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے‘ بھارتی وزیراعظم

ہفتہ 14 جون 2014 07:37

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جون۔2014ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملا‘ پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کا نیا باب رقم کرنے کے خواہاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم نواز شریف کے خط کے جواب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے خط لکھا اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم کے دورہ بھارت پر مثبت اثرات مرتب ہونے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور نواز شریف کی حلف برداری تقریب میں شرکت باعث فخر اور پرمسرت تھی اور دیگر راہنماؤں کی شرکت کے بعد تقریب مزید پروقار ہوگئی جسے پورے عالمی میڈیا نے دکھایا۔

نریندر مودی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ بھارت سے خطے میں جمہوریت کو مزید استحکام ملے گا اور نواز شریف کی تقریب میں شرکت سے پاکستان اور بھارت کے مشترکہ مستقبل اور امیدوں کی عکاسی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

دورہ بھارت کے دوران دوطرفہ تعلقات پر بات چیت اور ہم آہنگی سے حوصلہ افزائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات دوستی‘ امن اور تعاون سے عبارت ہیں اور انہی خوشگوار تعلقات سے دونوں ملکوں کے نوجوانوں کیلئے ترقی کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے اور خوشگوار تعلقات ہی دونوں ملکوں کے عوام کی خوشحالی کے ضامن ہیں۔

دونوں ملکوں کے درمیان بہترین اور خوشگوار تعلقات سے خطے میں ترقی کی رفتاری بڑھے گی۔ نریندر مودی نے کہا کہ تصادم اور تشدد سے پاک ماحول میں نواز شریف کیساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں اور ایک مرتبہ پھر پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کا نیا باب رقم کرنے کے خواہاں ہیں۔ نریندر مودی نے کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے وحشیانہ اقدام میں معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ یہ بربریت پھیلانے کا ایک بزدلانہ اقدام تھا۔ نریندر مودی نے نواز شریف کی جانب سے ان کی والدہ کیلئے ساڑھے کے تحفے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ نے آپ کے اس جذبہ خیرسگالی کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔