سندھ ہائی کورٹ میں پرویز مشرف کا نام فوری ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

ہفتہ 14 جون 2014 07:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جون۔2014ء)سابق صدر پرویز مشرف کا نام فوری طور پر ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سندھ ہائی کورٹ نے سماعت کے لئے منظورکرلی۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر نے اپنے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم کے توسط سے ای سی ایل کیس سے فوری نام نکلوانے کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردی جسے عدالت نے سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے کل کی تاریخ مقرر کردی۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہ نواز پر مشتمل 2 رکنی بینچ سابق صدر کی درخواست پر سماعت کرے گا۔سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے دائر درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر والدہ کی تیمار داری کے لئے جلد لندن جانا ہے لہذا ان کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے فیصلے پر جلد عملدرآمد کراتے ہوئے وفاق کو عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے لئے دی گئی 15 دن کی مہلت کم کی جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو بیرون ملک ریڑھ کی ہڈی کا علاج بھی کرانا ہے تاہم عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے کے لئے وفاق کو دی گئی مہلت زیادہ ہے اور اس میں کمی کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک جانے دیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل اے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس فیصلے عمل درآمد 15 روز بعد ہوگا تاہم اس دوران اگر وفاق کو عدالتی فیصلے پر کوئی اعتراض ہو تو وہ 15 روز کے اندر اندر سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :