سال 2014ء پاکستان کے لئے میک اوربریک کاسال بھی ثابت ہوسکتاہے، الطاف حسین، خدارا ماضی کی غلطیوں کودہرانے کے بجائے ملک کی بقاء ، سلامتی اورفلاح کیلئے فیصلے کئے جا ئیں ۔ بیا ن

جمعہ 13 جون 2014 07:50

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جون۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ سال 2014ء پاکستان کے لئے سخت، کٹھن اورمشکل ہونے کے ساتھ ساتھ میک اوربریک کاسال بھی ثابت ہوسکتاہے ،لہٰذامیں ملک کے حکمرانوں اورتمام مقتدرقوتوں سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ خدارا ماضی کی غلطیوں کودہرانے کے بجائے ملک کی بقاء ، سلامتی اورفلاح کیلئے جوبھی فیصلے کرنے ہوں کرلیں۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے ملک کے نظم ونسق کوچلانے والی تمام ظاہری اوردرپردہ طاقتوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں وطن عزیزکیلئے ہمہ وقت دعاگو ہوں لیکن ملکی اوربین الاقوامی قوتوں کی فوری اور دور رس پالیسیوں اور اقدامات کا ٹھنڈے دل سے جائزہ لینے کے بعد میں قوم، ملک کے اکابرین ، حکمرانوں اور درپردہ کام کرنے والی طاقتوں کواپنے اس تجزیہ سے آگاہ کرنا اپنا قومی فرض سمجھتاہوں کہ سال 2014ء پاکستان کیلئے انتہائی کٹھن اوردشوار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ میک اور بریک کاسال بھی ثابت ہوسکتاہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ ملک کے نظم ونسق کوچلانے والی تمام ظاہری اوردرپردہ قوتوں سے میری پرخلوص اور دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ ماضی کی غلطیوں کودہرانے کے بجائے ملک کی فلاح، بقاء ، سلامتی اوربہتری کیلئے جوبھی فیصلے کرنے ہوں ان پر جتنی جلدممکن ہو عملدرآمدکرلیں۔انہوں نے کہاکہ ملکی بقاء وسلامتی کیلئے فیصلوں کافوری کرنا ملک کیلئے ناگریزہے کیونکہ ملک اب ان فیصلوں پر عمل درآمدمیں کسی تاخیر کامتحمل نہیں ہوسکتا۔