مغوی رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن مردان سے بازیاب،اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچ گئے، بھائی وکیل حسن کی تصدیق

بدھ 11 جون 2014 07:20

مردان، اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جون۔2014ء) ایک ہفتہ قبل اغوا ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل بازیاب کرا لیا گیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق حلقہ پی پی 174 سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی رانا جمیل حسن کو 2 جون کی شام ان کی اہلیہ کے ہمراہ اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب ان کی گاڑی ننکانہ صاحب سے پنڈی بھٹیاں انٹرچینج کے قریب پہنچی تاہم اغوا کاروں نے ان کی اہلیہ کو تھوڑے فاصلے پر جا کر چھوڑ دیا تھا۔

اغوا کاروں کی جانب سے رانا جمیل حسن کی رہائی کے بدلے 5 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں تاہم سکیورٹی اداروں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے رانا جمیل کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔دوسری جانب رانا جمیل حسن کے بھائی وکیل حسن کا کہنا ہے کہ رانا جمیل کو مردان سے بازیاب کرایا گیا جہاں سے وہ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔