توقع ہے آئندہ چند برسوں میں بجلی کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہو جائے گا، عوام کی جان لوڈ شیڈنگ سے چھوٹ جائے گی،ممنون حسین،حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، روپے کی قیمت میں استحکام آرہا ہے،چین کے تعاون سے بجلی کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں،نائیجیریا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطا ب

بدھ 11 جون 2014 07:16

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جون۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ نائیجیریا سمیت تمام افریقی ملکو ں کے ساتھ تعلقات کو ادارتی اور معاہداتی فریم ورک میں لایا جائے تاکہ نہ صرف ان ملکوں میں مقیم پاکستانیوں کے مفادات کو محفوظ رہیں بلکہ قومی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہو وہ ابو جا میں پاکستانی ہائی کمشنر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ہائی کمشنر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اشرف سلیم اور پاکستانی برادری کے نمائندے حسن رضا نے بھی خطاب کیا ۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں روپے کی قیمت میں استحکام آرہا ہے اور چین کے تعاون سے بجلی کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ چند برسوں میں پاکستان میں بجلی کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہو جائے گا جس کے نتیجے میں عوام کی جان لوڈ شیڈنگ سے چھوٹ جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں حکومت کی ان کوششوں میں اگر عوام نے بھی ساتھ دیا تو آئندہ پانچ برسوں میں پاکستان اپنے مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ شروع کئے گئے اقتصادی منصوبوں پر تیز رفتاری کے ساتھ کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں اور اقتصادی کاریڈور کے صرف پاکستان ہی نہیں افریقہ تک ثمرات ہوں گے اس لیے ضروری ہے کہ حکومت کو اطمینان سے کام کرنے دیا جائے اور افراتفری پھیلانے والی قوتوں کو نظرانداز کردیا جائے صدر مملکت نے نائیجیریا میں مقیم پاکستانی برادری کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :