کراچی ائیرپورٹ کا واقعہ پاکستان کا نائن الیون ہے ، رحمن ملک، امریکہ نے 12مرحلے کی جگہ پر حملے کا ایکشن لیا ، یہاں پورے ائرپورٹ پر حملہ ہوا ہے حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا ،طالبان بدنیت ،ان کی بدنیتی آگے اور بھی سامنے آئے گی ، یہ وقت الزام تراشی کا نہیں ،سب کو مل کر دہشتگردوں کو جواب دینا ہوگا ، دہشتگردوں کیخلاف مالاکنڈ اور سوات جیسا آپریشن کرنا چاہیے نواز شریف قوم پر بھروسہ کریں، پورا ملک آپ کے ساتھ ہے،میڈیا سے گفتگو

منگل 10 جون 2014 07:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ کا واقعہ پاکستان کا نائن الیون ہے ، امریکہ نے 12مرحلے کی جگہ پر حملے کا ایکشن لیا جبکہ یہاں پورے ائرپورٹ پر حملہ ہوا ہے جس پر حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا طالبان بدنیت ہیں، اور ان کی بدنیتی آگے اور بھی سامنے آئے گی ، یہ وقت الزام تراشی کا نہیں ہے بلکہ سب کو مل کر دہشتگردوں کو جواب دینا ہوگا ، وزارت داخلہ کی طرف سے بالکل صاف کہنے کے باوجود کہ ائرپورٹ پر حملہ ہوگا پھر بھی اسے تحفظ فراہم نہیں کیا گیا ان ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جانی چاہیے ۔

ائرپورٹ پر حملہ پورے ملک پر حملہ ہے دہشتگردوں کیخلاف مالاکنڈ اور سوات جیسا آپریشن کرنا چاہیے نواز شریف قوم پر بھروسہ کریں، پورا ملک آپ کے ساتھ ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کل کہہ رہا تھا کہ ہم مذاکرات کرینگے اور آج کہہ رہے ہیں کہ یہ حملہ ہم نے کیا ہے جس سے ان کی بدنیتی سامنے آگئی ہے اور یہ مزید بدنیتیاں سامنے آئینگی دہشتگردی کیخلاف اے پی سی ایک نہیں دس بار بلانی چاہیے کیونکہ پوری قوم حکومت کے ساتھ کھڑی ہے امن وامان کی صورتحال پر ایک اے پی سی بلائیں کیونکہ اس وقت پوری قوم تشویش کا شکار ہے جس پر حکومت کو ایک فیصلہ کرنا ہوگا امن وامان کی صورتحال میں بین الاقوامی کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ان پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ائرپورٹ حملے میں تیس سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں جس پر دہشتگردوں کو جواب دینا ہوگا کیونکہ وزارت داخلہ نے بالکل صاف کہا تھا کہ ائرپورٹ پر حملہ ہوگا اور یہ یقینی الفاظ تھے تو پھر کیوں اس کیخلاف پہلے سے کارروائی نہیں کی گئی کراچی ائرپورٹ پر حملہ پورے ملک پر حملہ ہے جو ملک کی بدنامی ہے مذاکرات اور آپریشن میں اب ایک کا چناؤ ضروری ہے ۔