کراچی ایئرپورٹ حملہ،صدر،وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی واقعہ کی شدید مذمت،شہداء ،فورسزکوخراج تحسین پیش کیا،ملک دشمنوں کے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے،صدر ، وزیراعظم، صدر وزیرعظم کا قومی اثاثوں کی حفاظت پر اطمینان کا اظہار ، دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دی،قومی املاک اور حساس مقامات کے تحفظ کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں،سیاسی قیاد ت کا مطالبہ

منگل 10 جون 2014 07:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ء)صدر و وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماوٴں نے کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، صدر اور وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک دشمنوں کے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے، سیاسی رہنماوٴں کی جانب سے آپریشن میں شہید اہل کاروں اور زخمیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جاری بیان میں اتوار کی رات کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا، صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایسے حملے بزدلانہ کارروائی ہے، تاہم ان سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے، صدر نے قومی اثاثوں کی حفاظت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دی، وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ فوج، رینجرز اور پولیس کا کراچی ایئرپورٹ کلیئر کرانا قابل تعریف ہے، جوانوں نے بہادری سے قومی اثاثوں کا تحفظ کیا۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز، سول ایوی ایشن کے جوانوں نے ملک کے خاطر قربانیاں دیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھی کراچی ٹرمینل پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جوانوں کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جوانوں نے جانیں نچھاور کر کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے، انہوں نے کراچی ایئرپورٹ میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جوانوں نے شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوٹر پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ حملے کو لمحہ فکریہ قرار دیا ہے۔جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے کراچی ایرپورٹ پر دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنے واقعے میں ملوث ہاتھوں اور ان کے مقاصد کا سراغ لگانے کے لیے چند لوگوں کا زندہ پکڑا جانا ضروری تھا۔

لاہور سے جاری بیان میں امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ وہ کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کامیاب کارروائی کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدری کا اظہار کرتے ہیں جبکہ شہداء کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔ سراج الحق کاکہناتھا کہ قومی املاک اور حساس مقامات کے تحفظ کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بھی دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی۔

متعلقہ عنوان :