دہشت گردی کرنیوالوں سے بلٹ اور مذاکرات کرنے والوں سے زبان کے ساتھ بات ہوگی ، دہشت گردوں کا تعلق پاکستان سے نہیں، پرویزرشید، بہادر فوج ، رینجرز اور پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جو پاکستان کو مفلوج کرنا چاہتے تھے ، کسی بھی ملک کا اسلحہ برآمد ہونے بارے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کچھ کہا جاسکے گا ، نیشنل پریس کلب میں کوہ پیماؤں کے ساتھ گفتگو کے بعد صحافیوں سے بات چیت

منگل 10 جون 2014 07:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گردی کرنے والوں کے ساتھ بلٹ اور مذاکرات کرنے والوں سے زبان کے ساتھ بات ہوگی ، دہشت گردوں کا تعلق پاکستان سے نہیں، پاکستان کی بہادر فوج ، رینجرز اور پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جو پاکستان کو مفلوج کرنا چاہتے تھے ، کسی بھی ملک کا اسلحہ برآمد ہونے کے حوالے سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کچھ کہا جاسکے گا ۔

پیر کو نیشنل پریس کلب میں پاکستانیوں پر مشتمل کوہ پیمائی پر جانے والے کوہ پیماؤں کے ساتھ گفتگو کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا دہشت گردوں کے حوالے سے واضح موقف ہے دہشت گرد جو راستہ اختیار کرینگے ان کے ساتھ گزشتہ رات کی طرح کا سلوک کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں بہادر فوج ، رینجرز اور پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے گزشتہ رات دہشت گردی کے حملے کو ناکام بنا کر ان کے مقاصد پورے نہیں ہونے دیئے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد کراچی ائرپورٹ پر قبضہ کرکے پاکستان کو مفلوج کرنا تھا جن کے عزائم پاکستان کے بہادر جوانوں نے ناکام بنا دیئے اور چند گھنٹے میں کراچی ائرپورٹ کو آپریشنل کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق پاکستان سے نہیں ہے کوئی بھی پاکستانی اس طرح کی دہشت گردی میں ملوث نہیں ہوسکتا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات شروع ہوگئی ہے تحقیقات کے بعد پتہ چلے گا کہ اسلحہ کس ملک کا تھا ۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ پاکستانی کوہ پیما دنیا کی کوئی بھی بلند ترین چوٹی سر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ کے ٹی وی چوٹی سر کرکے واپس لوٹیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کی حکومت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اپنے کوہ پیماؤں کو آنے کی اجازت دی ہے ۔ کے ٹو کی چوٹی پر جا کر پاکستان اور اٹلی کا جھنڈا کوہ پیما لہرائینگے ۔اٹلی کے صدر نے خاص کر پاکستان کیلئے یہ خاص تحفہ بھیجا ہے دونوں ممالک بھائی چارے کے رشتے سے بندھے ہوئے ہیں ۔ اٹلی کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان کو دنیا کے ساتھ خوبصورت ملک دکھانے کا ساتھ دیا ہے ۔