شمالی وزیرستان ،چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ،3اہلکار شہید،10فوجیوں سمیت12افراد زخمی ، طالبان کی شمالی وزیرستان سے شہریوں کے انخلا کی تاریخ میں 20 جون تک توسیع ،کرم ایجنسی میں مسلح افراد کا حملہ،لیوی فورس کے دو اہلکار شہید،مشکے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں2 سکیورٹی اہلکار جاں بحق ، 4شدید زخمی

منگل 10 جون 2014 07:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جون۔2014ئب)شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ میں3اہلکار شہید،10فوجیوں سمیت12افراد زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے جوبہ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ سے دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی،حملے میں3سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ10سیکورٹی اہلکار اور2راہ گیر زخمی ہوگئے۔

ادھرشمالی وزیرستان میں سرگرم حافظ گل بہادر گروپ نے علاقہ خالی کرنے کے لئے شہریوں کو دی گئی مہلت میں 20 جون تک توسیع کردی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حاجی شیر محمد کی زیر صدارت قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا جس میں گل بہادر گروپ کے سربراہ حافظ گل بہادر نے شرکت کی، جرگے کے دوران وہاں موجود عمائدین حافظ گل بہادر کو جنگ بندی میں توسیع اور علاقہ خالی کرنے کے لئے شہریوں کو 10 جون تک دی گئی تاریخ میں توسیع کے لئے رضامند کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد گل بہادر کی جانب سے اس میں 10 دن کی توسیع کردی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 30 مئی کو حافظ گل بہادرگروپ نے شمالی وزیرستان کے مکینوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ اہل و عیال سمیت 10 جون سے قبل علاقہ خالی کردیں اور حکومت کی جانب سے قائم کیمپوں کے بجائے افغانستان جانے کو ترجیح دیں۔ اعلامیہ میں شہریوں کو دھمکی دی گئی ہے کہ 10 جون کے بعد حکومتی زیر کنٹرول علاقوں میں نہ جائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزا دی جائے گی۔

جبکہ کرم ایجنسی کے علاقہ میکنگ میں مسلح افراد کے حملے میں کرم لیوی فورس کے دو اہلکار شہید،پولیٹیکل محرر شدید زخمی ہوگیا،حملہ آور فرار ہوگئے،حکام نے علاقے میں کارروائی شروع کردی،متعدد افراد گرفتار۔پولیٹیکل حکام کے مطابق لوئر کرم ایجنسی کے علاقہ میکنگ میں چیک پوسٹ پر تعینات کرم لیوی فورس کے اہلکاروں پر دو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیوی فورس کے دو اہلکار شعیب حسین طوری اور سپاہی روظمین آفریدی شہید ہوگئے جبکہ پولٹیکل محرر میر عالم طوری شدید زخمی ہوگیا،واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے،حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاحال کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان علاقے مشکے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں2 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور4شدید زخمی ہو گئے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کی گاڑی مشکے کے علاقے میں جا رہی تھی کہ نا معلوم افراد کی جانب سے سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتجے میں2اہلکار جاں بحق اور4شدید زخمی ہو گئے دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا دھماکے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا مزید کاروائی متعلقہ انتظامیہ کر رہی ہے۔