حکومت توانانی بحران کے خاتمہ کے لیے تمام دستیا ب وسائل بروئے کار لارہی ہے، جام کمال خان، گیس بحران پر قابو پانے کے لیے ترکمانستان کے ساتھ جلد گیس کی درآمد کا معاہدہ کر رہے ہیں،حکومت کی شفاف سرمایہ کاری پالیسی کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے بڑی تعداد میں سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کار ی کے لیے آرہے ہیں، عوام کو ریلیف دیتے رہیں گے،بجٹ کے بعد بھی تیل کی قیمتیں نہیں بڑ ھائی جائیں گی،شیخوپورہ کے قریب ے آئل تنصیبات کے افتتاح کے موقع پر خطاب،میڈیا سے بات چیت

اتوار 8 جون 2014 07:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جون۔2014ء)وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت توانانی بحران کے خاتمہ کے لیے تمام دستیا ب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ گیس بحران پر قابو پانے کے لیے ترکمانستان کے ساتھ جلد گیس کی درآمد کا معاہدہ کر رہے ہیں ۔ حکومت کی شفاف سرمایہ کاری پالیسی کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے بڑی تعداد میں سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کار ی کے لیے آرہے ہیں ۔

عوام کو ریلیف دیتے رہیں گے اور بجٹ کے بعد بھی تیل کی قیمتیں نہیں بڑ ھائی جائیں گی۔ وہ شیخوپورہ کے قریب ماچھیکے میں حسکول ماچھیکے آئل تنصیبات کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جام کمال خان نے کہا کہ حسکول پاکستان کی دوسرے نمبر پر بڑی کمپنی ہے اور اس منصوبہ کی تنصیب سے شیخوپورہ اور ملحقہ علاقوں میں تیل کی ترسیل میں بہت بہتری آجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں توانائی بحران کے حل کی طرف توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے آج ہمیں توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے وفاقی حکومت اس بحران کے خاتمہ کے لیے انگنت منصبوے شروع کر رہی ہے جو نہ صرف آنے والے چند سالوں میں ملکی ضروریات پوری کریں گے بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی وافر مقدار میں بجلی ملے گی ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان سے گیس بحران کے خاتمہ کے لیے بھی کوششیں جارہی ہیں اس سلسلہ میں ترکمانستان سے گیس کی درآمد کے لیے جلد معاہدہ کریں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے افسوس کہ ماضی میں ان وسائل کو استعمال میں لانے کے لیے کوششیں نہیں کی گئیں موجودہ حکومت قدرتی وسائل کو استعمال میں لانے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے اور تیل اور گیس کی تلاش کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں اور سہولیات کا بھی اعلان کیا ہے ۔سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں اور حکومتی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں لیکن حکومت عوام پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنے کی بجائے سبسڈی دی رہی ہے گزشتہ چار ماہ میں یا تو قیمتوں میں کمی کی گئی ہے یا انہیں بڑھایا نہیں گیا۔حکومت عوامی فلاح وبہود کے اقدامات جاری رکھے گی۔ تقریب سے چےئرمین اوگرا سعید احمد خان اور چےئر مین حسکول ممتاز احمد نے بھی خطاب کیا۔