قوم کے جذبے اور جنون کو کوئی نہیں روک سکتا، ملک میں حقیقی جمہوریت آنے تک حالات ٹھیک نہیں ہوں گے ، عمران خان ،بیگ کھول کر ووٹ تبدیل ہوتے رہے ، چیف جسٹس صاحب ہم سڑکوں پر نہیں آئیں تو کدھر جائیں ؟جلسے سے خطاب ،22 جون کو سونامی بہاولپور میں جلسہ کریگا ،چیئر مین تحریک انصاف کااعلان ،وزیراعظم بھارت میں جا کر ہیما مالنی سے ملے ، کشمیری رہنماوٴں سے ملاقات نہیں کی ، شیخ رشید ،رات کے اندھیروں میں گڑ بڑ نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی مزید دھاندلی ہونے دیں گے ،جہانگیر ترین

اتوار 8 جون 2014 07:39

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جون۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کے جذبے اور جنون کو کوئی نہیں روک سکتا، ملک میں حقیقی جمہوریت آنے تک حالات ٹھیک نہیں ہوں گے ، بیگ کھول کر ووٹ تبدیل ہوتے رہے ، چیف جسٹس صاحب ہم سڑکوں پر نہیں آئیں تو کدھر جائیں ؟22 جون کو سونامی بہاولپور میں جلسہ کریگا۔ ہفتہ کی شام جناح اسٹیڈیم میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمن عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے جنون کو کوئی نہیں روک سکتا ،47 سینٹی گریڈ میں آپ انصاف لینے کیلئے نکلے ہیں ،انہوں نے کہاکہ جج صاحبان قوم انصاف کیلئے آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، کیا آپ لوگوں کو انصاف دیں گے۔

حلقہ این اے 118 میں جسٹس (ر) منیر مغل نے گنتی کے دوران انکشاف کیا 90 ہزار بوگس تھے، نادرا کا چیئرمین سی سی ٹی وی کیمرا بند کر کے بیگ کھول کر ووٹ تبدیل کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس صاحب اس رپورٹ کو غور سے پڑھیں۔ گیارہ مئی کو سب سے بڑا فراڈ ہوا۔انہوں نے کہاکہ آزاد عدلیہ کیلئے 8 روز جیل میں گزارے۔ انہوں نے کہا ہمارے امیدوار حامد رضا نے انصاف کیلئے 57 لاکھ روپے خرچ کیے، مخالف امیدوار نادرا کے ذریعے سیل ہوئے بیگ کو کھلوا کر تبدیل کر رہا ہے جب یہ سب کچھ ہو گا تو چیف صاحب ہم سڑکوں پر نہ آئیں تو کدھر جائیں ؟۔

انہوں نے کہا کراچی کے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے تسلیم کیا کہ شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہے۔ عمران خان نے کہا کہ زبیر خان نے 70 ہزار ووٹوں کی گنتی کرائی تو صرف ساڑھے 6 ہزار ووٹ باقی سارا جعلی نکلا۔ پی پی 160 میں ریٹرننگ افسر کو چار مہینے تک بیگ ہی نہیں ملے۔ انہوں نے کہاکہ 2008 میں (ن) لیگ کو 68 لاکھ ووٹ ملے تو 2013 میں ایک کروڑ 35 لاکھ ووٹ کیسے پڑ گئے؟۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے سرگودھا کے حلقے ٹوٹل 1500 ووٹ تھا ،8 ہزار ووٹ کیسے پڑ گئے اور جب پوچھا گیا تو کہتے ہیں ٹائپنگ کی غلطی ہے، الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں اور کتنی ٹائپنگ کی غلطیاں ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ پنجاب کے پچھلے پانچ سال میں ہسپتال ،پولیس کا نظام ٹھیک ہوا ؟۔ پنجاب میں نہ بجلی نہ گیس ، کیا کیا جو ایک کروڑ 35 لاکھ ووٹ پڑ گئے؟۔

ہمیں چار حلقوں میں انصاف مانگتے ہوئے ایک سال ہو گیا ملک میں حقیقی جمہوریت آنے تک حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ پاکستان میں عوام کسی اور کیلئے نکلتی ہے منتخب کوئی اور ہو جاتا ہے۔ عمران خان نے کہاکہ ڈی پی او حافظ آباد ریکارڈنگ میں (ن) لیگ کیلئے ووٹ مانگ رہا تھا۔ چیف جسٹس صاحب اگر اس طرح کے الیکشن کرانے ہیں تو عوام انصاف کیلئے کدھر جائیں گے۔

بجٹ غریب آدمی کیلئے نہیں ہے حقیقی جمہوریت تک معاشی ،جمہوری انقلاب نہیں آ سکتا بجلی کے پیداواری منصوبوں میں پیپلز پارٹی دور میں کمیشن 15 فیصد تھی جو 27 فیصد ہو گئی۔ عمراں خان نے کہا کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نہیں چل سکتا، سڑکوں پر جا کر انصاف لیں گے۔ عمران نے مطالبہ کہا کہ پیمرا کو مضوط باڈی بنایا جائے، عمران خان نے کہا کہ 22 جون کو سونامی بہاولپور میں جلسہ کریگا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا آج کا پاکستان جہالت کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا پاکستان ہے، آج جناح کا پاکستان نہیں دکھائی دے رہا، آج ہم جناح کی فکر کا بیج بوئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 200 ارب ڈالر سوئس بنکوں میں پاکستانی عمرا کا پڑا ہے، لوٹی ہوئی دولت زرداری واپس لا نہیں سکا، موجودہ حکمران لانا نہیں چاہتے، لوٹی ہوئی دولت کو صرف عمران خان ہی واپس لا سکتے ہیں۔

شاہ محمو د قریشی نے کہاکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہو گا، تحریک انصاف کا قافلہ ناانصافی سے آزادی دلانے نکلا ہے، موسم بدل رہا ہے ، انداز بھی بدلنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اب تحریک انصاف کا راستہ اپنا لیا ہے آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کیلئے فیصلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کیا کسی کو اپنے ووٹ کا حق چھیننے دو گے؟ گیارہ مئی کو مہر بلے پر لگی ،جیتا بلی نما شیر۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم دہلی جا کر کاروبار کی بات کرتے ہیں اور کشمیر کی نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارت میں اداکاروں سے ملاقات کی، ہمارا وزیراعظم مبارکباد دینے گیا انہوں نے دہشت گردی کی بات کی اور بحالی مذاکرات کو لپیٹ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کسان بدحال اور مزدور بے روزگار ہے، بجٹ میں مراعات یافتہ طبقوں کو بہت کچھ ملا اور صنعتوں کو دی گئی رعایت بھی واپس لے لی گئی۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاکستان عمران خان کی قیادت میں خوشحال ہوگا عمران خان لیٹروں سے جنگ لڑ رہے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے کہاکہ جو آواز دبائی گئی وہ آواز اٹھ رہی ہے، چار حلقوں کی بات نہیں ملک کیساتھ گھناونا مذاق کیا گیا ہے۔ چار حلقوں میں بدترین دھاندلی کی گئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر کہ رہا ہے کہ عمران نکلو ، چوروں کو تباہ کر دوں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے بھارت میں جا ہیمامالنی سے ملے لیکن کشمیری رہنماوٴں سے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی کشمیر پر بات کی۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ بجٹ کوعوام نے مسترد کیا ہے ،غریب کیلئے کچھ نہیں ہے۔ ایمان کی حد تک سمجھتا ہوں غریب کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا خواجہ آصف نے بغیر کنٹریکٹ کے نیلم جہلم کا ٹھیکہ 25 بلین کا چین کو دیا ۔

انہوں نے کہاکہ نیلم ،جہلم کا ٹھیکہ ورلڈ بنک نے کینسل کیا تھا۔ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب یہ جعلی اسمبلی ،جعلی وزیراعظم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کے چار فیصد شرح نموکی باتیں جھوٹ ہے، بارہ ہزار میں کوئی جانور بھی نہیں پل سکتا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے بجٹ نہیں ،بھتہ بجٹ دیا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ رات کے اندھیروں میں گڑ بڑ نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی مزید دھاندلی ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ حامد زمان کے حلقے میں رات کے اندھیرے میں اب بیگز میں ووٹوں کو صیح کیا جا رہا ہے۔ نادرا نے اگر ایسا کیا تو نادرا کا گھیراوٴ کرینگے، حکومت ادارے نہیں بنانا چاہتی حکمران جمہوریت کو نہیں بادشاہت کو پسند کرتے ہیں موجودہ حکومت اداروں کو توڑنے والی حکومت ہے، یہ حکومت جعلی ہے ، نامنظورہے ، نامنظور ہے۔ ابرار الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے اتنی کرپشن کی کہ اس پر ایک پورا دیوان لکھا جا سکتا ہے۔