شمالی وزیرستان میں 2 طالبان گروپوں میں مسلح تصادم، اہم کمانڈر سمیت 7 افراد ہلاک، واچہ میلہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شہریار محسود اور خان سید گروپ کے مابین مسلح تصادم ہوا، دونوں گروپوں کے درمیان اپریل سے جاری تصادم کے نتیجے میں اب تک 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے

ہفتہ 7 جون 2014 05:28

میران شاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جون۔2014ء) میران شاہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے علاقے واچہ میلہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شہریار محسود اور خان سید گروپ کے مابین ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں سے 5 کا تعلق شہریار محسود گروپ جب کہ 2 کا تعلق خان سید گروپ سے ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں دونوں گروپوں کے درمیان ہونے والی لڑائی میں شہریار گروپ کے اہم کمانڈر عاشق اللہ محسود سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد طالبان کے گروپوں میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور خان سید گروپ نے تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، دونوں گروپوں کے درمیان اپریل سے جاری تصادم کے نتیجے میں اب تک 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں