پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے حکومت نے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے منصوبے کا آغاز کردیا،اسحاق ڈار ، عالمی بینک کی داسو ڈیم اورکاسا 1000 میں معاونت سے پاکستان کی ترقی میں مدد ملے گی،عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملا قات

ہفتہ 7 جون 2014 05:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جون۔2014ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے حکومت نے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔جمعے کو ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود سے ملا قات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے لئے عالمی بینک کی معاونت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی جلد فراہمی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کو بتایا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور ہم توانائی اور انفراسٹرکچر کے ترقیاتی پروگراموں میں عالمی بینک سمیت بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لئے حکومت نے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے پلان کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کی توانائی اور ترقیاتی منصوبوں بالخصوص داسو ڈیم اور سی اے ایس اے 1000 میں معاونت سے پاکستان کی ترقی میں مدد ملے گی۔