روزگار کے مواقع پیدا کرنے و غربت میں کمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘صدر ممنون حسین، ملک میں تھرجی ،فورجی موبائل فونز کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری ومنافع بخش کاروبارکے بے پناہ مواقع موجود ہیں‘آئی ٹی کمپنیوں کے وفد سے گفتگو، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، معیشت، تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے‘ سعودی عرب کے سبکدوش ہونے والے سفیرسے ملاقات

ہفتہ 7 جون 2014 05:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جون۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ معیاری خدمات کی فراہمی ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت میں کمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ٹیلی کام شعبے میں بالخصوص تھری جی اور فور جی سروسز کی کامیاب آغاز کے بعد پیدا ہونے والے نئے مواقع کے پیش نظر تھری جی اور ملک میں فورجی موبائل فونز کی تیاری کے حوالے سے سرمایہ کاری اور منافع بخش کاروبارکیلئے بے پناہ صلاحیت موجود ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں بالخصوص معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چیف ایگزیکٹو آفیسر چائنہ موبائل پاکستان فین ین جن کی قیادت میں آئی ٹی کمپنیوں کے وفد اورسعودی عرب کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الغدیر سے ایوانِ صدر اسلام آباد میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرآئی ٹی کمپنیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے غیر ملکی کمپنیوں بالخصوص چینی کمپنیوں کو آئی ٹی کے شعبے میں موجود مواقع سے استفادہ کی دعوت دی۔

انہوں نے اس شعبے میں چینی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میدان میں چینی سرمایہ کاری دونوں ممالک کے عوام کیلئے یکساں طور پر مفید ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان روایتی آزمودہ اور کثیر الجہتی تعلقات کے مزید فروغ میں بھی معاون ہوگی۔انہوں نے کہا کہ معیاری خدمات کی فراہمی ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت میں کمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبے کی ترقی حکومت کی او لین ترجیحات میں شامل ہیں،ٹیلی کام شعبے میں بالخصوص تھری جی اور فور جی سروسز کی کامیاب آغاز کے بعد پیدا ہونے والے نئے مواقع کے پیش نظر تھری جی اور فورجی موبائل فونز کی تیاری کے حوالے سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور منافع بخش کاروبارکیلئے بے پناہ صلاحیت موجود ہیں۔

اس سے قبل سعودی عرب کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الغدیر سے ملاقات کے دوران صدرممنون حسین نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے سبکدوش سعودی سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الغدیر کی خدمات کی تعریف کی۔ صدرنے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں بالخصوص معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے ڈاکٹر عبدالعزیز الغدیر کی خدمات کی تعریف کی۔ممنون حسین نے خادم الحرمین الشریفین شاہ عبد اللہ کی درازی عمر اور اچھی صحت اور سعودی عرب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی اور نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ڈاکٹر عبد العزیز الغدیر نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران مدد اور تعاون پر صدر اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں صدر ممنون حسین سے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ( پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد نے بھی جمعہ کو ایوان صدر میں ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں زراعت کی ترقی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔