کراچی اسٹاک مارکیٹ بدھ کو بھی مندی کی زد میں رہی،فروخت کے دباؤ کے سبب سرمایہ کاریہ کاروں کے 12 ارب سے زائد روپے ڈوب گئے کاروباری لین دین منگل کی نسبت 6 کروڑ شیئرز کم رہا

جمعرات 5 جون 2014 04:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ بدھ کے روز بھی مندی کی زد میں رہی۔فروخت کے دباؤ کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاریہ کاروں کے 12 ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جبکہ کاروباری لین دین منگل کی نسبت 6 کروڑ شیئرز کم رہا ۔کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبارکے آغاز پر ملا جلارجحان رہا ،سرمایہ کار سیمنٹ ،کیمیکل ،بینکنگ اور توانائی کے شعبو ں سرگر م دکھائی دیئے جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 29600 پوائنٹ کی سطح بھی عبور کر گیا تاہم لندن میں متحدہ کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے ردعمل میں شہر میں کاروبار کی بندش اور مختلف خدشات پر مبنی خبروں پر چھوٹے سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے۔

بحرانی کیفیت کے خدشات کے باعث انسٹی ٹیوشنز اور برو کریج ہاؤسز کی جانب سے حصص کی فروخت کا دباؤ دیکھا گیا جسکی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس سی 100 انڈیکس ایک موقع پر 29329 پوائنٹ کی کم ترین سطح پر تک گر گیا اور مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مندی پر ہوا۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کے مطابق کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث مارکیٹ آئندہ دنوں میں مزیدا تار چڑھاؤ کاشکار ہو سکتی ہے جبکہ مارکیٹ پر بجٹ کے اثرات امن وامان کی صورتحال بہترہونے پر ہی سامنے آ سکیں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کیپیٹل گیس ٹیکس کے ریٹ میں اضافہ اور غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کارجحان برقرار رہنے کی امید ہے ۔ تجزیہ کاروں نے بتایا کہ سرمایہ کاروں نے آج اپنی پوزیشنز کو ہولڈ کیا اور نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا جبکہ متعدد سرمایہ کاروں نے گراوٹ پر بلو چپ میں سرمایہ لگایا ۔بدھ کے روز کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار بند ہونے پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 52.75 پوائنٹ کی کمی واقع ہوئی اور انڈیکس 29504.98 پوائنٹ سے کم ہوکر 29452.23 پوائنٹ پرآگیااسی طرح 86.20 پوائنٹ کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 20140.58 پوائنٹ اور کے ایس ای آل شئیرز انڈیکس 21747.35 پوائنٹ سے کم ہوکر 21719.13 پوائنٹ پر بند ہوا۔

مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 12 ارب 78 کروڑ 88 لاکھ12 ہزار 631 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 96 کھرب 72 ارب90 کروڑ94 لاکھ77 ہزار 489 روپے سے کم ہوکر 96 کھرب 60 ارب12 کروڑ6لاکھ 64ہزار 858 روپے ہوگیا۔

مارکیٹ میں بدھ کو 25 کروڑ 99 لاکھ 36 ہزار حصص کا کاروبار ہوا جبکہ منگل کو 31 کروڑ 99 لاکھ 76 ہزار حصص کاروبار ہوا تھا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز مجموعی طور پر 374 کمپنیوں کا کاروبار ہو ا جس میں سے 210 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 146 میں کمی اور 18 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے میپل لیف سیمنٹ 2 کروڑ 18 لاکھ ،لافارج پاک1 کروڑ 73 لاکھ، فوجی سیمنٹ 1 کروڑ 65 لاکھ ،لوٹے کیمیکل 1 کروڑ26 لاکھ اور اینگرو کارپوریشن 1 کروڑ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے نیسلے پاکستان کے بھاؤ میں 76.10 روپے اور فضل ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 42.01 روپے کا اضا فہ جبکہ انڈس ڈائنگ کے بھاؤ میں 44.67 روپے اور اسلینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 37 روپے کی نمایا ں کمی ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :