الطاف حسین کی گرفتاری ، ڈیڑھ دن میں ملکی اکنامی کو 25ارب روپے سے زائد کا دھچکا لگا

جمعرات 5 جون 2014 04:28

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی لند ن میں گرفتاری کے خلاف کراچی میں بدھ کوبھی تمام صنعتی علاقوں سائٹ،کورنگی،لانڈھی،فیڈرل بی ایریا،نارتھ کراچی میں صنعتکاروں اور فیکٹری مالکان کوفیکٹریاں بند رکھنے پر مجبور کیا گیا جس کے باعث ڈیڑھ دن میں ملکی اکنامی کو 25ارب روپے سے زائد کا دھچکا لگ گیا۔

شہر بھر کے تمام صنعتی اور تجارتی علاقے بند رہے، بیرون شہر سے بھی سامان نہ پہنچ سکا،منگل کی دوپہر سے کاروبار کی بندش بدھ کے روز بھی جاری رہنے سے کراچی میں اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری مندی نے سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کے خسارے سے دوچار کیا

جبکہ شہر کے تمام صنعتی علاقوں سائٹ،کورنگی،لانڈھی،فیڈرل بی ایریا،نارتھ کراچی،سائٹ سپرہائی وے میں ورکرز ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے اپنی اپنی ڈیوٹیوں پر نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے صنعتی پہیہ جام رہا،صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ فیکٹریاں بند رکھنے پر مجبور کیا جارہا ہے، صنعتوں کی بندش سے برآمدات کیلئے سامان بندرگاہوں تک نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے بے شمار برآمدی آرڈرز تاخیر کا شکار ہوگئے جبکہ صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کو 4سے5ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

(جاری ہے)

بندرگاہوں پر درآمدی سامان کارگوہینڈلنگ متاثر رہنے کے باعث گوداموں تک نہیں پہنچ سکا اور ڈیمرج کی مد میں درآمد کنندگان کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔