ڈاکٹر طاہر القادری سے لندن میں اہم شخصیات کی ملاقاتیں جاری،سابق وزیراعظم شوکت عزیز، منہاج القرآن یورپ، امریکہ و برطانیہ کے اعلیٰ عہدیداروں اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی شیخ الاسلام سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں، مغربی ممالک کی منہاج القرآ ن نے نظام کی درستگی اور انقلاب کی خاطر بھرپور مالی معاونت کا یقین دلادیا ،کرپٹ نظام کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، انقلاب کی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں،طاہر القادری

جمعرات 5 جون 2014 04:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء)ڈاکٹر طاہر القادری سے لندن میں اہم شخصیات کی ملاقاتیں جاری، سابق وزیراعظم شوکت عزیز، منہاج القرآن یورپ، امریکہ و برطانیہ کے اعلیٰ عہدیداروں اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی شیخ الاسلام سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں، مغربی ممالک کی منہاج القرآ ن نے نظام کی درستگی اور انقلاب کی خاطر بھرپور مالی معاونت کا یقین دلادیا، طاہر القادری نے تنظیمات کے عہدیداروں کو جولائی اگست میں پاکستان پہنچنے کا حکم دیدیا جبکہ طاہر القادری نے کہاہے کہ کرپٹ نظام کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، انقلاب کی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے “ کو بتایا کہ عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر علامہ طاہر القادری لندن میں متحرک ہیں اور ان کی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی امن وامان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر علامہ قادری نے شوکت عزیز کو نظام کی تبدیلی کیلئے دس نکاتی ایجنڈے پر اعتماد میں لیا اور معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اس موقع پر شوکت عزیز نے طاہر القادری کے ایجنڈا سے مکمل اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے ۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ قائد منہاج القرآن سے یورپ، برطانیہ اور شمالی امریکہ کی منہاج القرآن کی تنظیمات کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی ملاقات کی ہے اور نظام کی درستگی اور انقلاب کی خاطر ہر ممکن اور بھرپور مالی معاونت کا یقین دلایا ہے جس پر طاہر القادری نے انہیں حکم جاری کردیاہے کہ وہ اگلے ماہ جولائی اور اگست تک پاکستان پہنچ جائیں اور انقلاب کے حتمی مرحلے میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ برطانیہ و دیگر ممالک میں بسنے والے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بھی شیخ الاسلام سے ملاقاتیں کی ہیں اور یقین دلایا کہ وہ نظام کی درستگی ہونے پر سب کچھ چھوڑ کر وطن واپس جاسکتے ہیں کیونکہ کرپٹ نظام نے ارض وطن کو لہولہان کردیا جبکہ اس کی جڑوں کو کرپشن نے کھوکھلا کرکے رکھ دیاہے جس پر طاہر القادری نے ملنے والے وفود سے کہاکہ کرپٹ نظام کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور سمندر پار پاکستانیوں کی حب الوطنی بے مثال ہے اور اسی جذبے کے ساتھ عنقریب ملک میں انقلاب کی راہ ہموار ہوگی عوام کو چاہیے وہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔