فتح جنگ‘ حساس ادارے کی گاڑی پر خودکش حملے میں 2 لیفٹیننٹ کرنل اور 3 سویلین شہید ہوئے‘ آئی ایس پی آر کی تصدیق،ریلوے پھاٹک پر ایک بھکاری نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا‘ عسکری حکام، شہداء کی نماز جنازہ ادا ، وزیراعظم سمیت اعلیٰ عسکری ، سیاسی حکام کی شرکت، کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

جمعرات 5 جون 2014 04:03

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جون۔ 2014ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں حساس ادارے کی گاڑی پر خودکش حملے میں دو لیفٹیننٹ کرنل اور تین سویلین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ حملے کے بعد قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ترنول فتح جنگ کے قریب سکیورٹی فورسز کی ڈبل کیبن گاڑی گشت پر مامور تھی کہ اس دوران ریلوے پھاٹک پر ایک بھکاری نے جوکہ خودکش حملہ آور تھا‘ سکیورٹی فورسز کی گاڑی کی پاس آکر خود کو دھماکے سے اڑادیا جس میں لیفٹیننٹ کرنل زاہد شاہ اور لیفٹیننٹ کرنل ارشد شہید ہوگئے جبکہ حملے میں تین راہ گیر بھی مارے گئے جبکہ حملے میں خودکش حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرکے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹامک انرجی کمیشن کی گاڑی کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب یہ گاڑی فتح جنگ ریلوے پھاٹک کراس کررہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور کافی دیر سے ریلوے پھاٹک سے بھکاری کا روپ دھارے ہوئے موجود تھا۔

واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔ پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کردیا جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔ ادھر صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی فتح جنگ میں حساس ادارے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار سے واقعہ کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

دریں اثناء وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے چوبیس گھنٹوں میں آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔فتح جنگ میں خود کش حملے کے شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی وزیراعظم میاں نواز شریف ‘ وزیر دفاع خواجہ آصف‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں بدھ کی صبح فتح جنگ میں ہونے والے خود کش حملے کے شہداء لیفٹیننٹ کرنل زاہد‘ لیفٹیننٹ کرنل ارشد اور دیگر کی نماز جنازہ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں وزیراعظم میاں نواز شریف ‘ وزیر دفاع خواجہ آصف ‘ آرمی چیف راحیل شریف‘ جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور اعلیٰ عسکری رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کی میتیں ان کے آبادئی علاقوں میں روزانہ کردی گئی ہیں جہاں ان کی تدفین ہوگی۔ کالعدم تحریک طالبان نے راولپنڈی میں حساس ادارے کی گاڑی پر خودکش حملے کی ذمہ دار قبول کر لی ہے۔ نامعلوم مقام سے اُردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ یہ دونوں خودکش حملے وزیرستان میں فوجی بمباری کے ردعمل میں کئے گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ باجوڑ ایجنسی میں فورسزسے جھڑپ میں20فوجیوں کو شہید کر دیا ہے جن میں سے 10کی نعشیں ہمارے قبضے میں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہم 45دن سیز فائر پر قائم تھے لیکن حکومت نے سنجیدگی نہیں دکھائی ، اب بھی مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں ، حکومت جب سنجیدہ ہو گئی ہم مذاکرات کریں گے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق تحریک طالبان کے ترجمان شاہداللہ شاہدکاکہناہے کہ حملے جیلوں میں قیدساتھیوں کی ہلاکت کاردعمل ہے ۔2روزقبل کراچی میں ہمارے سات ساتھیوں کوقتل کیاگیا،حملے ساتھیوں کے قتل کابدلہ ہے ۔