جوہری سلامتی قومی ذمہ داری ہے،پاکستان اسے تمام پہلوؤں سے اہم ترجیح دیتا ہے،جنرل راشد محمود ، اس حوالے سے ہمارا معیار انتہائی قابل تحسین ہے،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا پی سی ای این ایس کا دورہ

بدھ 4 جون 2014 07:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جون۔2014ء)چےئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا ہے کہ جوہری سلامتی قومی ذمہ داری ہے،پاکستان اسے تمام پہلوؤں سے اہم ترجیح دیتا ہے اور اس حوالے سے ہمارا معیار انتہائی قابل تحسین ہے۔جنرل راشد محمود نے منگل کو پاکستان کے سینٹرل آف ایکسیلینس برائے جوہری سلامتی(پی سی ای این ایس) کا دورہ کیا،چےئرمین کو یہاں کی جدید ترین تربیتی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا جس کی خدمات کی حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح پر پیشکش کر چکی ہے،یہ علاقائی تربیتی مرکز ہے اور 2012ء میں سےؤل اور 2014ء میں ہیگ کی جوہری سلامتی سربراہ کانفرنسوں میں اس کی طرف سے تربیت کی پیشکش کی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ادارہ عالمی معیار اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ادارے آئی اے ای اے کے رہنما اصولوں کے مطابق جوہری سلامتی کی اعلیٰ معیاری تربیت فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران چےئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو مختلف تربیتی پہلوؤں اور حال ہی میں آئی اے ای اے کے تعاون سے جوہری سلامتی پر کانفرنس کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔چےئرمین نے بڑی دلچسپی کے ساتھ جاری تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا،انہوں نے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوہری سلامتی ہماری قومی ذمہ داری ہے اور پاکستان اسے تمام پہلوؤں سے بڑی ترجیح دیتا ہے۔